متعلقہ انجینئرز اور ٹھیکیدار کو معیار اور معیاد کی خصوصی ہدایات جاری کیں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں کے لوگوں کو بہتر ترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو جاری رکھتے ہوئے ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلوریا نے باہو اسمبلی حلقہ کے وارڈ 42، نانک نگر میں پیور ٹائل بچھانے کے کام کا آغاز کیا۔ واضح رہے یہ تعمیراتی کام جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کی طرف سے تقریباً 27 لاکھ روپے کی لاگت سے انجام دیا جائے گا۔ اس موقع پر جموں کے ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلوریا نے کہا کہ کافی عرصے سے یہ مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ یہ ترقیاتی کام کیا جائے کیونکہ اس سڑک کی حالت انتہائی قابل رحم ہے۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ لین کی خستہ حالی سے راہگیروں کو پیدل گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا اب اس تعمیراتی کام کے مکمل ہونے سے لوگوں کو کافی راحت ملے گی۔ ڈپٹی میئر نے متعلقہ انجینئرز اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ اس کی دیرپا استحکام اور مقامی لوگوں کے اطمینان کے لیے بہترین معیار کے تعمیراتی میٹریل کا استعمال کرتے ہوئے مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی میئر جموں بلوریا نے مزیدکہا کہ مقامی لوگوں کو اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار کی ذاتی طور پر نگرانی کرنی چاہیے تاکہ ترقی کی رفتار کو بہتر بنایا جا سکے۔