اطلاع دینے والے کو پندرہ لاکھ روپے دینے کا اعلان
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر پولیس نے خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں دو مقامی جنگجوئوں کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے ان سے متعلق کسی بھی اطلاع جو ان کی گرفتاری یا ہلاکت کا موجب بنے گی، دینے والے کو پندرہ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ پوسٹر میں کہا گیا ہے کہ اطلاع دینے والے کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرک پولیس ڈوڈہ نے ایک پوسٹر جاری کیا ہے جس میں ہارون عباس وانی اور مسعود احمد نامی دو جنگجوئوں کو مطلوب قرار دیتے ہوئے ان سے متعلق اطلاع دینے والے کو پندرہ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم پوسٹر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اطلاع دونوں جنگجوئوں کی گرفتاری یا ہلاکت کا موجب ثابت ہونی چاہیے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہارون عباس کا تعلق گھاٹ نامی گائوں جبکہ مسعود احمد کا تعلق ڈیسا نامی گائوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جنگجو مختلف جنگجویانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ پوسٹر جس میں دونوں جنگجوئوں کی تصویریں بھی شامل کی گئی ہیں، میں کہا گیا ہے: ‘کسی بھی اطلاع جو ان کی گرفتاری یا ہلاکت کا موجب بنے گی، کے دینے والے کو پندرہ لاکھ روپے بطور انعام دیے جائیں گے’۔ اس میں مزید کہا گیا ہے: ‘اطلاع دینے والے کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی۔ اپنی حفاظت کے لئے ہماری مدد کیجئے’