کہاہندوستان میں اعلیٰ ترین سیاسی اقدار کو پروان چڑھانے پر ملک ان کا مقروض ہے
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍بی جے پی کے قومی ایگزیکٹو ممبر اور وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے آج سری نگر میں سابق وزیر اعظم اور بی جے پی کے بانی، بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ بی جے پی میڈیا ہیڈ کشمیر سید ساجد اور آئی ٹی انچارج انجینئرسہائی بشیر بھٹ نے بھی خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔ پارٹی کارکنوں اور سیکورٹی اہلکاروں نے بھی پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ واجپائی جی نے ہندوستان میں بی جے پی کے عروج کی پیشین گوئی کی تھی اور ہندوستان میں اعلیٰ ترین سیاسی اقدار کو پروان چڑھانے پر ملک ان کا مقروض ہے۔ وہ ایک وڑنری تھے اور ان کی پالیسیوں نے ملک کو عظیم ترقی کی طرف گامزن کیا ہے۔ ڈاکٹر درخشاں نے کہا کہ واجپائی جی ہندوستان میں امن اور قوم پرستی کے مظہر تھے۔ اندرابی نے کہا، ‘ہم اس دن کو گڈ گورننس ڈے کے طور پر مناتے ہیں کیونکہ واجپائی نے کانگریس اور اس کے اتحادیوں کے کئی دہائیوں کے بدعنوان جمہوریت مخالف طریقوں کے بعد ملک کو ایک صاف ستھری بدعنوانی سے پاک حکومت دی’۔