توی بیراج کا دورہ کیا، مبارک منڈی کی بحالی سمیت دیگر سمارٹ سٹی کے کامو ںکی پیش رفت کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اَفسروں کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کے تحت کئے گئے مختلف کاموں کا جائزہ لیا گیا اور اِس کا مقصد شہر کی جمالیاتی اور خوبصورتی میں اِضافہ کرنا تھا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی ، پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ، پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی ، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ، صوبائی کمشنر جموں ، سیکرٹری سیاحت ، کمشنر جے ایم سی ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مُبارک منڈی ہیر ٹیج سوسائٹی کے دیگر متعلقین نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ اِس برس 2؍ اکتوبر گاندھی جینتی تک جموں شہر کو خوبصورتی او رجمالیاتی میں کافی اضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے اس وقت تک جاری منصوبوں کو زیادہ سے زیادہ مکمل کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبے شہر کو بڑے پیمانے پر نئی شکل دیں گے اور اسے ملک میں ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر اُبھرنے میںمدد ملے گی۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سمارٹ سٹی مشن کے تحت شروع کئے گئے مختلف پروجیکٹ کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ان میں سے ہر ایک کو جلد مکمل کرنے کے لئے کئی سمتوں پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے مُبارک منڈی کے حوالے سے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تاریخی عمارتوں کے مکمل شدہ حصوں کو عوام کے لئے کھول دیں۔اُنہوں نے اَفسروں سے کہا کہ وہ اِس کمپلیکس میں ثقافتی اور دیگر لوک سرگرمیاں شروع کریں جس میں جموں کی تاریخ اور روایات کی عکاسی ہو۔چیف سیکرٹری نے ان سے مزید بحال شدہ ڈھانچوں کو عوام کے لئے وقف کرنے اور کمپلیکس کی زمین کی تزئین سے کمپلیکس کی مجموعی رونق کو بڑھانے کے لئے بھی کہا ۔ اُنہوں نے اِس برس دسمبر تک باقی کام مکمل کرنے کو بھی کہا۔اُنہوں نے دیگر پروجیکٹوں جیسے چوراہوں کی ترقی ، اپسر اروڈ گاندھی ، ٹریفک کو منظم کرنے کے لئے آئی ٹی ایم ایس کا اِستعمال ، پُلوں اور عمارتوں کی روشنی ، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے علاوہ شہر اور اس کے آس پاس کے کاموں کا بھی نوٹس لیا۔اُنہوں نے یاد دِلایا کہ گزشتہ دو برسوں میں درجنوں منصوبے مکمل ہوئے ہیں جو ترقی پذیر منصوبوں اور جموں کو ملک کے بہترین مقامات میں سے ایک بنانے جارہے ہیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا کو جانکاری دی گئی کہ سمارٹ سٹی کے کُل 124کاموں میں سے 80کام اَب تک مکمل ہوچکے ہیں ۔ اِس موقعہ پرمزید بتایا گیا کہ ان پروجیکٹوں پر کام تسلی بخش رفتار سے جاری ہے اور ان کے لئے مقرر کردہ مدت کے اَندر مکمل کیا جائے گا۔اِس سے قبل چیف سیکرٹری نے توی بیراج پروجیکٹ کا موقعہ پر جائزہ لینے کے لئے توی بینکوں کا دورہ کیا۔اُنہوں نے اِس پروجیکٹ پر کام کی رفتار بڑھانے اور اس برس نومبر سے پہلے جھیل کے تالاب کو بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے بیو ٹیفکیشن کے دیگر متعلقہ منصوبوں کو بیک وقت مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ اسے یہاں آنے والے سیاحوں کے لئے ایک تفریحی مقام بنایا جاسکے ۔ اُنہوں نے دریا کے کنارے نئے تیار شدہ سائیکل ٹریک پر اِی۔ سائیکل کی سواری بھی کی اور اسے شہر کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اَچھا اِضافہ قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ماحول دوست ماحول میں تفریحی تجربہ فراہم کرنے اور یہ سواروں کی صحت کو بہتر بنانے کا موقعہ بھی فراہم کرے گا۔اِس موقعہ پر یہ اِنکشاف کیا گیا کہ توی ریور فرنٹ مرحلہ اوّل جَلد مکمل ہوجائے گا اور اس کے بعد مرحلہ دوم مکمل ہوگا۔اِس میں 250 میٹر چوڑے چینلائزڈ سیکشن کے ساتھ پشتوں ،رٹیننگ وال کی تعمیر اور دونوں طرف 3.5 کلومیٹر کی لمبائی شامل ہے ۔ اِس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ گجر نگر پُل پر پانی کی مناسب اونچائی کے لئے بیراج کی اونچائی کو بڑھانا بھی اِسی کا حصہ ہے۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ جے ایس سی ایل شہر کی ترقی کے لئے توی ریور فرنٹ کو سب سے اہم پروجیکٹ کے طورپر تیار کر رہا ہے ۔ 7 کلومیٹر طویل ریور فرنٹ کو 2 مرحلوں میں مکمل کرنے کی تجویز ہے۔ پہلا مرحلہ چوتھے پُل سے مین توی پل تک اورمرحلہ دوم مین توی پل سے گجر نگر پل تک شروع ہوتا ہے۔ دریا کے دونوں اطراف راستے بنائے جائیں گے تاکہ عوام کو آسانی سے رسائی فراہم کی جاسکے۔