کلکتہ // مغربی بنگال اسمبلی میں چندریان پر کامیابی پر سائنسدانوں کومبارکبادی سے متعلق بیان دیتے ہوئے ریاستی وزیر اروپ بسواس نے اسمبلی میں دعویٰ کیا کہ چندریان 3 کی کامیابی کے پیچھے جن سائنسدانوں کا ہاتھ تھا انہیں 17 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ریاستی وزیرکے اس بیان پر بی جے پی ممبران اسمبلی نے ناراضگی ظاہر کی ۔
جمعہ کو چندریان کی کامیابی پر سائنسدانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ ’’ہم سائنسدانوں کی کامیابی سے بہت خوش ہیں۔ فخر کی بات ہے مگر یہ بھی سچائی ہے کہ ان سائنسدانوں نے دن رات کام کیا۔ انہیں 17 ماہ سے تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔ بجٹ میں 32 ماہ سے کٹوتی کی گئی ہے۔وزیر کی اس طرح کی شکایات سننے کے بعد، بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے چیف لیڈرمنوج تیگا، ممبر اسمبلی اشوک لہڑی، وشواناتھ کرکرا نے اپنی نشستوں سے اسپیکر کے سامنے احتجاج کیا۔ اس کے باوجود اروپ بسو اس نے کہا کہ اس طرح کی خبریں اخبارات میں شائع ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کئی سائنس دان چندریان سے وابستہ تھے مگر وہ سائنسدان اسرو کے ملازم نہیں ہیں۔ وہ رانچی کے ہندوستھان انجینئرنگ کارپوریشن کے ملازم ہیں۔ الزام ہے کہ گزشتہ 17 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کمپنی نے چندریان-3 کا لانچنگ پیڈ بنایا ہے۔
تاہم، اسپیکر بیمن بنرجی نے جمعہ کو وزیر کے بیان پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کا معاملہ ہے۔ اس طرح اس مسئلے پر یہاں بات نہیں کی جاسکتی ہے۔ ہم سائنسدانوں کی کامیابی پر بات کر رہے ہیں اور ان کی حالت زار کے بارے میں نہیں بتا سکتے؟۔نہوں نے مطالبہ کیا کہ سائنسدانوں کی واجب الادا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور بجٹ پر بھی غور کیا جائے۔ جب وزیر یہ باتیں کر رہے تھے تواسپیکر نے آج کے اجلاس کے ختم ہونے کا اعلان کردیا۔
بی جے پی ممبر اسمبلی منوج تیگا نے بعد میں بی جے پی کی جانب سے کہا،کہ ’میڈیا میں شائع ہونے والی کوئی بھی خبر ثبوت کی بنیاد نہیں ہو سکتی ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ ایسے بے بنیاد مسائل پر بحث نہ کی جائے۔بی جے پی ممبر اسمبلی وشواناتھ نے کہاکہ اسپیکر کا موقف درست ہے کہ آج اس مسئلہ پر بحث کی اجازت نہ دی جائے۔
چندریان-3 بدھ کی شام اسرو کے سائنسدانوں کی کوششوں سے چاند کے جنوبی قطب پر اترنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس واقعے کے لیے ملک کے سائنسدانوں کی ہر طرف ستائش ہو رہی ہے۔ اس دوران وزیر اروپ نے مہم میں شامل سائنسدانوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ مغربی بنگال کی قانون ساز اسمبلی میں اٹھاکر بی جے پی کی مرکزی حکومت پر سوال اٹھانے کی کوشش کی ہے۔