ملازمین کی عدم دستیابی سے پارکیں غلاظت اور گندگی کے ڈھیر میں تبدیل: ایڈوکیٹ جاوید حبی
شاہین امین
بڈگام//چرار شریف میں پانچ تفریحی پارکیں خستہ ہونے کی کگار پر پہنچ گئی ہیں کیونکہ ملازمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے پارکوں میں کوڑا کرکٹ کے کوہ نما ڈھیر جمع ہو گئے ہیں۔ نمائندے شاہین امین کے مطابق چرار شریف کے تالاب کلان کے اردگرد پانچ پارکیں جو کہ زائرین کے لئے بنائی گئی تھی اب تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔ ایڈوکیٹ جاوید محمد حبی نے بتایا کہ پانچ پارکوں کے انتظام کی خاطر ملازمین کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی تاہم حالیہ چند ایام کے دوران ان ملازمین کو وہاں سے ہٹایا گیا جس وجہ سے نہ صرف مقامی لوگ بھی زائرین بھی پریشان ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان پارکوں میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ زائرین بھی بیٹھا کرتے تھے لیکن جب سے ملازمین کو نکالا گیا پارکیں ویرانی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ایڈوکیٹ جاوید محمد حبی اور مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اصلاح کامطالبہ کیا ہے۔