جموں وکشمیر اسمبلی کا بجٹ اجلاس سے قبل نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ اراکین قانون سازیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے سال 2 جنوری سے شروع ہونے والے ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران لوگوں کے مسائل و مشکلات اجاگر کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ پارٹی کے ایک ترجمان نے بتایا ’نیشنل کانفرنس کے ممبران قانون سازیہ کا ایک غیر معمولی اجلاس بدھ کے روز شیر کشمیر بھون جموں میں کارگذار صدر عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آنے والے اسمبلی اجلاس کے بارے میں پارٹی کے لائحہ عمل اپنانے پر غور و خوض کیا گیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر عبداللہ نے اراکین قانون سازیہ کے روبرو دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کی آواز کو اسمبلی تک پہنچانا ایک ممبر اسمبلی کا فرض ہوتا ہے کیونکہ لوگ اپنے قیمتی ووٹوں سے اسی مقصد کے لئے اپنا نمائندہ چنتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران پارٹی کی جانب سے اٹھانے والے معاملات، جن میں عوامی مشکلات و مسائل، ضروریات زندگی کی عدم فراہمی، امن و قانون کی بگڑی ہوئی صورتحال، کورپشن، چور دروازے سے بھرتیاں اور حکومت کی ریاست دشمن پالیسیوں شامل ہیں، کو ایوان میں اجاگر کرنے کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صدر صوبہ جموں دیوندر سنگھ رانا کے علاوہ جملہ ممبران اسمبلی و قانون ساز کونسل موجود تھے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ انہیں اجلاس کے معنی خیز اور بامقصد ثابت ہونے کی امید ہے۔ محترمہ مفتی نے گذشتہ ہفتے ایک ٹویٹ میں کہا ’توقع ہے کہ 2 جنوری 2018 ء سے شروع ہونے والا جموں وکشمیر اسمبلی کا اجلاس معنی خیز اور بامقصد ثابت ہوگا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب اپنے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر موثر اور تسلی بخش اجلاس کے لئے مل کر کام کریں‘۔ ریاستی گورنر این این ووہر انے 2 جنوری 2018ء کو صبح کے 11بجے ریاستی قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کا اجلاس جموںمیں طلب کیا ہے ۔