پہلگام میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی جاری

0
0

انہدامی مہم کے تحت قریب ایک درجن ڈھانچے مسمار، تعمیراتی مٹیریل ضبط
شاہ ہلال
پہلگام ؍؍جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں غیر قانونی طریقے سے تعمیرات کھڑا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پہلگام ترقیاتی اتھارٹی نے اتوار روز کئی ڈھانچوں کومسمار کیا ہے۔ نمائندے کے مطابق بٹہ کوٹ، پہلگام ، لدرو،، لاری پورہ، آٹھناڑان میں غیر قانونی طریقے سے تعمیرات کھڑاکرنے کے خلاف محکمہ پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کارروائیاں جاری ہے۔ اتوار کو تازہ کارروائی میں چیف ایگزکیٹو آفیسر پہلگام طاریق احمد نایک کی قیادت میں بٹہ کوٹ پہلگام بازار، لدرو، ننون، لاری پورہ اور آٹھناڑن میں ایک درجن کے قریب ڈھانچوں کو مسمار کیا گیا جس کو غیر قانونی طریقے سے تعمیرکیاجارہا تھا۔ اس کے علاوہ تعمیراتی مٹیریل بھی ضبط کیا گیا جو غیر قانونی طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اس حوالے سے نمائندے کے ساتھ چیف ایگزیکٹو آفیسر پہلگام ترقیاتی اتھارٹی طارق احمد نایک نے بتایا کہ پہلگام میں کسی بھی طرح کی غیر قانونی تعمیراتی سرگرمی پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس کا اطلاق برابر کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ البتہ اگرکسی بھی جگہ کسی کوبھی رہائشی یا تجارتی عمارت کی لازمی تجدید ومرمت کی ضرورت ہوگی تو وہ محکمہ کے پاس آئیں اور باضابطہ اجازت نامہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لوگوں کے ساتھ کوئی ظلم نہیں کرے گا جس کو کسی بھی مرمت کی ضرورت ہوگی تو اس کو اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ ماہ سے قریب دو سو اسی طرح کی درخواستوں کواجازت دی جاچکی ہے۔ طاریق نائک نے بتایاکہ لوگ درخواست لیکر آئیں اور غیر قانونی اور چوری چھپے کسی بھی طرح کی غیر قانونی تجاوزات کی تعمیر کوانجام نہ دیں۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ پہلگام ایک قدرتی خوبصورت جگہ ہے جس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے سے ہی یہاں سیاح آسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں کو باتھ روم ، بیت الخلاء وغیرہ تعمیر کرنا ہوگا یا رہائشی مکانات کی ضروری مرمت کا کام انجام دینا ہوگا وہ ہم سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طریقے سے جو بھی عمارتیں کھڑی کی جاچکی ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ طاریق نائک نے بتایاکہ یہاں پر اکثر لوگ کہتے ہیں کہ ان کی جانب سے تعمیر شدہ عمارتیں پندرہ برس پْرانی ہے ، دس سال پْرانی ہے البتہ ہم جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ان نئی بلڈنگوں کی تاریخ کا پتہ لگائیں گے اور جو بھی عمارت غیر قانونی طریقے سے تعمیر کی گئی ہے اس کو منہدم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیاح یہاں پر اس لئے آتے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ وہ اونچی اونچی عمارتوں شہروں سے دور جاکر خاموش قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوجائے اور اگر یہاں پر بھی انہیں بڑی بڑی عمارتیں دکھیں گی اور قدرتی ماحول آلودہ ملے گا تو کوئی بھی سیاح پہلگام کی طرف رخ نہیں کرے گا۔ اس لئے لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ پہلگام کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے حکام سے تعاون کریں۔

 

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا