یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے کئی جنگلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پونچھ کے جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع فراہم کی ہے کہ جنگلی علاقے میں مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے پیش نظر پولیس ، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علاقے کی اور جانے والی شاہراوں کو بھی سیکورٹی فورسز نے سیل کیا ہے۔
دفاعی ذرائع نے پونچھ کے کئی جنگلاتی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سلامتی عملے نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن لانچ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس ، فوج ، سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔بتادیں کہ جموں خطے میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ مرکزی وزارت داخلہ نے اضافی کمپنیوں کو جموں میں تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔