بھاجپا کے دعوئوں کو بتایا کھوکھلا، چوہدری عبدالغنی کی قیادت میں ترقی کی زبردست سراہنا کی
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی میں بھاجپا کو زبردست جھٹکا اس وقت لگا جب نوناں بانڈی ڈنہ گاؤں میں چوہدری عبدالغنی کی زیرِصدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں بی جے پی کے ضلع نائب صدر (ایس ٹی مورچہ) الحاج بابو جلال دین اپنے سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ چوہدری عبدالغنی کی قیادت والے کارواں میں شامل ہوگئے۔بابو جلال دین نے کہا کہ بی جے پی میں انہوں نے صرف کھوکھلے نعرے اور دعوے ہی دیکھے لیکن چوہدری عبدالغنی کی قیادت میں جو کام ہوئے ہیں انہوں نے انہیں متاثر کیا اور آج وہ اپنے سینکڑوں حمایتیوں کے ہمراہ چوہدری عبدالغنی کے قافلے میں شامل ہوگئے اور ترقی کے اس کارواں میں مستقبل میں چوہدری عبدالغنی کی قیادت میں کام کرنے کی خواہش جتائی۔الحاج جلال دین نے مزید کہا کہ انہوں نے کئی سال سرکاری محکمہ میں بطور ملازم خدمات انجام دیں اور کئی لیڈران کو دیکھا اور سبکدوش ہونے کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور ضلع نائب صدر ایس ٹی مورچہ تک کے عہدے تک گیا لیکن جب چوہدری عبدالغنی کی شخصیت سے تعارف ہوا ، انکے ترقیاتی منصوبوں کو دیکھا تو بھاجپا کو خیرآباد کہہ کر انکے کارواں میں شامل ہوگیا۔اس موقع پر چوہدری عبدالقیوم، سرپنچ پنچایت حلقہ نونا بانڈی نے کہا کہ میں عرصہ دراز سے بی جے پی کو خیرآباد کہہ کر چوہدری عبدالغنی کی قیادت والے کارواں میں شامل ہوں اور الحمد للہ جو ترقیاتی کام چوہدری عبدالغنی کی قیادت میں ہورہے ہیں وہ سابقہ ستر سالوں میں بھی نہیں ہوئے اور آج ان بھائیوں نے بھی چوہدری عبدالغنی کی شخصیت و کاموں سے متاثر ہوکر انکا دامن تھام لیا، اسلیے میں انکا اس کارواں میں استقبال کرتا ہوں۔شامل ہونے والوں میں اہم نام الحاج جلال الدین کے ہمراہ شیر محمد، ریٹائرڈ فارسٹر، محمد حسین درزی، محمد بشیر بھملہ، محکمہ بجلی سے ریٹائرڈ محمد بشیر، ریٹائرڈ ماسٹر بدر دین ، تعارف حسین، عارف حسین، نیاز احمد، ریاض احمد ، جمال دین وغیرہ شامل ہیں۔ان سبھی نئے شامل ہونے والے افراد کا چوہدری عبدالغنی، کانگریس ضلع جنرل سیکریٹری گلزار جٹ، سرپنچ چوہدری عبدالقیوم نے ہار پہنا کر استقبال کیا۔