پونچھ حملہ :تلاشی آپریشن کا دائرہ 20سے 25کلومیٹر علاقے تک وسیع

0
51

فوج نے دو دہشت گردوںکے خاکے جاری کئے، اطلاع دینے والے کے لئے 20 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان

جموں؍؍جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں ہندوستانی فضائیہ پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد پیر کوتیسرے دن بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کا دائرہ 20سے 25کلومیٹر مربع علاقے تک وسیع کیا ہے جبکہ ایک ہزار اہلکاروں کو پونچھ کے ڈائرہ والی گلی، سنئی اور گرسائی ٹاپ کے اردگرد علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کئی افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر حراست میں لیا۔
وہیںفوج نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) پر حملے میں ملوث دو جنگجوئوں کے خاکے جاری کرکے ان کے متعلق جانکاری فراہم کرنے والے کے لئے 20 لاکھ روپیے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔فوج نے اس حملے میں ملوث دو دہشت گردوںکے خاکے جاری کئے ہیں۔فوج کا کہنا ہے: ان دہشت گردوں کے بارے میں معتبر جانکاری فراہم کرنے والے کو 20 لاکھ روپے بطور انعام دئے جائیں گے اور اطلاع دہندہ کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا’۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ کے سرنکوٹ، ڈائرہ والی گلی اور سنئی علاقوں میں تیسرے روز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ گرسائی سرنکوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کی گاڑیوں پر ہوئے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے زائد از ایک درجن علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی مدد و اعانت کرنے والوں کی بھی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پچھلے تین روز کے دوران دو مشتبہ افراد سمیت ایک درجن کے قریب لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ گر چہ پولیس یا فوج نے گرفتاریوں کی تصدیق نہیں کی تاہم ذرائع نے بتایا کہ متعدد افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطرگرفتار کیا گیا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے 20سے 25کلومیٹر علاقے میں تلاشی آپریشن لانچ کیا ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق فوج ، ایس او جی اور سی آر پی ایف کے ایک ہزار جوانوں کو سرنکوٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حملہ آوروں کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر جنگلی علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نگرانی کا عمل تیز کیا گیا ہے جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے جنگلی علاقوں کو کھنگالاجارہا ہے۔پچھلے تین روز سے جنگلی علاقے میں جاری آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں اور فورسزکا آمنا سامنا نہیں ہوا ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے گھنے جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ گھنے جنگلات میں حملہ آوروں کو تلاش کرنا کافی کٹھن کام ہے جس کے پیش نظر اضافی دستوں کو جنگلی علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تین سے چار دہشت گردوں نے اس حملے کو انجام دیا جنہیں تلاش کرنے کی خاطر ہیومن اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ لشکر طیبہ سے وابستہ ملی ٹینٹوں نے ہندوستانی فضائیہ کی گاڑیوں پر حملہ کیا ہے۔دریں اثنا چیف آف ایئر سٹاف (سی اے ایس) ایئر چیف مارشل وی آر چودھری اور بھارتی فضائیہ کے تمام اہلکاروں نے بہادر کارپورل وکی پہاڑے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے اور سوگوار خاندان کو گہری تعزیت پیش کی ہے۔انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ہم سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا