عوام آزادانہ اور منصفانہ انداز میں انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنا بھر پور تعاون دے:راہول یادو
لازوال ڈیسک
پونچھڈپٹی کمشنر پونچھ راہول یادو نے آج کہا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بلاک ڈویلپمنٹ کونسل (بی ڈی سی) انتخابات کے لئے تیار ہے۔یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بی ڈی سی انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے اور اس کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ، "اس کا نوٹیفیکیشن یکم اکتوبر 2019 کو جاری ہوگا اور امیدوار 9 اکتوبر تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر (آر او) کے دفاتر میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ آر او ہیڈکوارٹرز متعلقہ بی ڈی او میں پونچھ کے 11 بلاکس کا دفترقائم ہوچکے ہیں۔ ڈی سی نے بتایا کہ 9 اکتوبر تک صبح 11 بجے سے شام 3 بجے کے درمیان نامزدگی داخل کی جاسکتی ہے جبکہ نامزدگی کی جانچ پڑتال 10 اکتوبر کو ہوگی اور نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 11 اکتوبر ہے۔ڈی سی کا مزید کہنا ہے کہ بی ڈی سی انتخابات 24 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گی اور اس کی گنتی شام 3 بجے سے ہوگی۔ انہوں نے پونچھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ آزادانہ اور منصفانہ انداز میں انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنا بھر پور تعاون بڑھائیں۔