یواین آئی
نئی دہلی؍؍پولیس میموریل ڈے کے موقع پر دہلی پولیس کے ریٹائرڈ نان گزیٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرحدوں پر اور ملک بھر میں انسانیت کی خدمت میں اپنی جانیں گنوانے والے تقریباً 35 ہزار پولیس اور نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو شہید کا درجہ دے کر ان کے اہل خانہ کو وہ تمام سہولیات ملیں جو بھارتی فوج کے شہیدوں کے اہل خانہ کو دی جاتی ہیں۔ہفتہ کے روز تنظیم کے عہدیداروں نے دہلی پولیس کی طرف سے نیو پولیس لائنز، کنگس وے کیمپ میں منعقدہ میموریل ڈے میں شرکت کی اور بھارت ماتا کی جے کے نعرے سے پورے ماحول کو غمگین بنا دیا۔تنظیم کے صدر مسٹر چھیدا سنگھ راوت، سریندر سنگھ یادو یشپال شرما، تاراچند راگھو، بھاگیرتھ ڈابلا، کرن چند، کنی رام اور دہلی پولیس کے کئی ریٹائرڈ محنتی افسران نے شرکت کی اور نیتا جی سبھاش چندر بوس کی آزاد ہند فوج کے یوم تاسیس پر انڈیا گیٹ پر ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کئے اور ان کے نقش قدم پر چلنے کا عہد کیا۔