نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور جموں وکشمیر اسمبلی کے پندرہ برس کے رکن اسمبلی رہ چکے پروفیسر بھیم سنگھ نے ان سیاسی جماعتوں اور اراکین پارلیمان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جموں وکشمیر میں موجودہ رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت حراست میں رکھے گئے دیگر لیڈروں کے معاملہ پر حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے تمام اراکین پارلیمان کا جرات مندانہ قدم اٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر کو جس پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے وہ 5اگست 2019سے ہی غیر موثر ہوگیا جب ہندستان کے صدر نے آرٹیکل 35 Aکو ہندستانی آئین سے ہٹا دیا۔ صرف آرٹیکل 35 Aکی وجہ سے حاصل آمرانہ طاقت کی وجہ سے جموں ۔کشمیر اسمبلی نے 1954میں صدارتی آرڈی ننس سے اسے نافذ کیا تھا۔ آئین کے ماہر وکیل پنتھرس سربراہ نے صدر کو لکھے ایک خط میں ان سے درخواست کی کہ وہ جموں وکشمیر کے گورنر کو جموں وکشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں رکھے گئے قیدیوں کی رہائی اور 90دنوں سے زیادہ قید میں رکھے گئے قیدیوںکو آزادی کے لئے مناسب ہدایت جاری کریں کیونکہ جموں وکشمیر صدر راج کے تحت ہے۔