لازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی خواتین ونگ صوبائی صدر جموں پونیت کور نے حکومت ِ ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے لئے مخصوص نشستوں میں سے 8کو ڈی ریزرو کیاجائے۔ موصولہ پریس ریلیز کے مطابق پونیت کور نے ستواری کے ہکل علاقہ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں پی او جے کے رفیوجیوں کو درپیش مشکلات ومسائل پر غوروخوض کیاگیا۔ موصوفہ نے کہاکہ دہائیوں سے سابقہ حکومتوں نے اسمبلی کی 24نشستوں کومنجمد کر رکھا ہے جن میں سے پی او جے کے کوٹہ سے 8نشستیںڈی ریزرو کی جائیں تاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اسمبلی کے اندر سیاسی نمائندگی مل سکے۔انہوں نے کہاکہ پی او جے کے رفیوجیوں کی وسیع آبادی سرحدی علاقوں کے قریب آباد ہے لیکن اِنہیں جموں وکشمیر کے اندر اسمبلی میں سیاسی نمائندگی نہیں، لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ آٹھ کم سے کم نشستوں کو ڈی ریزرو کیاجائے۔ انہوں نے رفیوجیوں کے حق میں اعلان کردہ مالی پیکیج کی بقیہ قسط واگذار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔