واشنگٹن، 04 اگست (یو این آئی) سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مغربی ممالک کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر ‘بڑا سودا’ کیا ہے۔
امریکہ، روس، جرمنی اور دیگر مغربی ممالک نے جمعرات کو 24 قیدیوں کے تبادلے کے لیے ایک معاہدہ کیا، جو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد قیدیوں کے تبادلے کے سب سے بڑے معاہدوں میں سے ایک ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے جارجیا کے اٹلانٹا میں ایک انتخابی مہم کے موقع پر کہا کہ "ویسے، میں ولادیمیر پوٹن کو ایک اور بڑا سودا کرنے پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔”
انہوں نے قیدیوں کے تبادلے کے حالات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس معاہدے میں موجودہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے "خوفناک” غلطیاں ہیں۔
قبل ازیں مسٹر ٹرمپ نے یہ معاہدہ کرنے پر امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید کی تھی اور اس کے حقائق اور روس کو نقد ادائیگی کے امکان کے بارے میں سوالات پوچھے تھے۔
روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ نیٹو کے متعدد ممالک میں زیر حراست آٹھ روسی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ انہیں لے جانے والا ایک طیارہ جمعرات کی رات انقرہ سے ماسکو کے ونوکوو-2 ہوائی اڈے پر پہنچا، جہاں مسٹر پوتن نے ان کا استقبال کیا۔ بدلے میں روس نے 16 افراد کو رہا کیا ہے جن میں سات روسی اور پانچ جرمن شہری شامل ہیں۔
روس کے انٹیلی جنس ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ وطن واپس آنے والے روسیوں کی فہرست میں آرٹیم ڈلٹسیف، انا دلتسیوا، پاول روبتسوف، وادیم کونوشچینوک، میخائل میکوشین، رومن سیلیزنیف، ولادیسلاو کلوشین اور کئی نابالغ بچے شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ روسی شہری وڈیم سوکولوف، جسے کراسیکوف کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جو جرمنی میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے، بھی وطن واپس آگیا ہے۔