’ ووٹروں اور امیدواروں کی سیکورٹی پر بھی خاص توجہ مرکوز‘

0
81

پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے :پولیس سربراہ آر آر سوین
یواین آئی

جموں؍؍جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین نے پیر کے روز کہاکہ انٹیلی جنس گرڈ اور اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کی خاطرسیکورٹی صورتحال کو مزید مضبوط و مستحکم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر سیکورٹی فورسز کے آفیسران چوبیس گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس گرڈ اور اندرونی چیلنجز سے نبردآ زما ہونے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر پولیس میں خواتین اہلکاروں کے کام کاج کا دائرہ روز بروز وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔پولیس سربراہ نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات آزادانہ ، منصفانہ اور پر امن ماحول میں کرانے کے لئے زمینی سطح پر تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ووٹروں اور امیدواروں کی سیکورٹی پر بھی خاص توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔
اس سے قبل پولیس سربراہ نے کٹھوعہ میں پولیس تربیتی اسکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کی۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ پر امن انتخابات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔جموں وکشمیر پولیس نے یونین ٹریٹری کے سبھی اضلاع میں خصوصی کنٹرول روم قائم کئے ہیں۔شفاف اور پر امن انتخابات کے لئے جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے جبکہ امیدواروں کی سیکورٹی اور جلسہ گاہوں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جارہا ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پر امن انتخابات کی خاطر پیرا ملٹری فورسز کی اضافی کمپنیاں بھی آئندہ چند روز کے اندر اندر وارد کشمیر ہو رہی ہیں جنہیں مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔پولیس محکمے نے اضافی کمپنیوں کو سہولیات بہم رکھنے کی خاطر پہلے ہی اقدامات اٹھا رکھے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا