کہاعبداللہ، مفتیوں اور گاندھیوں کے ذریعہ جموں و کشمیر میں سخت قوانین اور دہشت گردی لائی گئی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) غلام علی کھٹانہ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی طرف سے آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) کو منسوخ کرنے کے لیے آواز اٹھانے کے بعد کشمیر میں لوگ خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کشمیر میں یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔کھٹانہ نے جمعہ کو ایک اجلاس سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا، ’’اس انتہائی اہم گھڑی میں کشمیر کے لوگوں کو یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ہی تھے جنہوں نے جموں و کشمیر میں ایسے سخت قوانین لائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عبداللہ، مفتی اور گاندھی ہی تھے جنہوں نے جموں و کشمیر کو دہشت گردی کی طرف دھکیل دیا اور یہاں کے لوگوں کو مزید نشانہ بنانے کے لیے انہوں نے پی ایس اے اور افسپا وغیرہ جیسے سخت قوانین لائے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس، این سی اور پی ڈی پی کی قیادت والی حکومتوں کی ایک اور شرمناک کامیابی راجوری، پونچھ، کشمیر، ریاسی، ڈوڈہ اور جموں و کشمیر کے بہت سے دوسرے مقامات سے بے گناہ لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی تھی۔ بی جے پی لیڈر نے مزید کہا پی ایم مودی کی قیادت میں 10 سال کی حکومت میں جموں و کشمیر کے کسی بھی حصے سے کوئی نقل مکانی نہیں ہوئی اور لوگ بے خوف ہوکر اپنی زندگی گزار رہے ہیں اور دکانوں، کھیتوں اور دیگر مقامات پر اپنے کام مکمل آرام کے ساتھ انجام دے رہے ہیں اور مکمل امن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبداللہ، مفتیوں اور گاندھیوں کے مذموم عزائم کی مزید اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ جموں و کشمیر کے لوگ اب بہت بدل چکے ہیں اور وہ بی جے پی کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر سلامتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ووٹ دینے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی پانچوں لوک سبھا کی سیٹیں بی جے پی کے ہاتھ میں ہیں۔