بائیں بازو کی انتہا پسندی پر فیصلہ کن حملے کا وقت آ گیا ہے: شاہ
یواین آئی
رائے پور؍؍مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ چھتیس گڑھ میں بائیں بازو کی انتہا پسندی پر ‘بے رحم حکمت عملی’ کے ساتھ فیصلہ کن حملہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔مسٹر شاہ چھتیس گڑھ کے اپنے دو روزہ دورے کے پہلے دن یہاں بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خاتمے پر منعقدہ جائزہ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نکسل متاثرہ ریاستوں کی بین ریاستی کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں شروع ہوئی۔وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے، نائب وزیر اعلیٰ وجے شرما بھی میٹنگ میں موجود ہیں۔چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، مدھیہ پردیش، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور مہاراشٹر کے چیف سکریٹریز اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، مرکزی اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود ہیں۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کو لوگوں تک پہنچانے کی سمت میں پیش رفت اور بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ اضلاع میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔