وزیراعلی تلنگانہ نے خواتین کوبس میں مفت سفر کی سہولت کا آغازکردیا،6ضمانتوں پر اندرون 100دن عمل کیاجائے گا:وزیراعلی

0
0

حیدرآباد۔//کانگریس حکومت نے اسمبلی انتخابات کے دوران دی گئی 6ضمانتوں میں سے دو پر عمل شروع کردیا،وزیراعلی ریونت ریڈی نے ریاست میں خواتین کے لیے مفت بس سفر کی سہولت کے لیے مہالکشمی اسکیم کا آغاز کیا اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کی حد کو 10 لاکھ روپے تک بڑھادیااورآروگیہ شری کا لوگو جاری کیا۔ آج دوپہر انہوں نے احاطہ اسمبلی میں ”مہا لکشمی اسکیم“ شروع کردی جس کے ذریعہ تلنگانہ کی خواتین اور طالبات کو تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم ہوگئی۔اس اسکیم کے تحت طالبات و خواتین کیلئے ریاست کے پلے ویلوگو اور اکسپریس بسوں میں مفت سفر کا آغاز کیا گیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے مہالکشمی اسکیم کے تحت تمام عمر کی خواتین اور طالبات کے لئے آرٹی سی کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کو آج پورا کردیاگیا۔ خواتین و طالبات ریاست میں پلے ویلوگو اور اکسپریس بسوں میں تلنگانہ کے حدود میں کہیں بھی سفر کرسکتی ہیں۔ انٹراسٹیٹ اکسپریس بسوں اور پلے ویلگو بسوں میں دیگر ریاستوں کے لئے سفر کرنے پر تلنگانہ کے حدود تک ہی مفت خدمات دستیاب رہیں گی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ٹی ایس آر ٹی سی کو کرایوں کی ادائیگی کے لئے فنڈس فراہم کئے جائیں گے جو خاتون مسافرین کے سفر اور مسافت کے مطابق حکومت سے وصول کئے جائیں گے۔ اس اسکیم پر عمل کے سلسلہ میں مہالکشمی اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کے لئے سافٹ ویر تیارکیاجائے گا۔پلے ویلگو، اکسپریس، سٹی آرڈینری، میٹرو اکسپریس بسوں میں خواتین تلنگانہ ریاست کی سرحد تک ہر جگہ سفر کرسکتی ہیں البتہ انہیں مرکزی یا ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوئی ایک شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگاجس سے یہ واضح ہوسکے کہ سفر کرنے والی خاتون کا تعلق تلنگانہ ریاست سے ہے۔ خاتون مسافرین کو بسوں میں زیرو ٹکٹ بھی دیا جائے گا۔ ٹکٹ دینے والے الکٹرانک مشینوں میں زیرو ٹکٹ بھی جاری کیا جائے گا۔ مسافرین کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے بسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی ریونت ریڈی نے کہا کہ آج تلنگانہ کے عوام کے لیے تہوار کا دن ہے، 9 دسمبر 2009 کو تلنگانہ کی تشکیل کا عمل شروع ہوا۔ تلنگانہ کی ماں کا مطلب سونیاما ہے۔ سونیاگاندھی نے یہاں کے عوام کے لیے 6ضمانتیں دیں۔ آج، ریاستی حکومت نے چھ میں سے دو ضمانتوں کو نافذ کرنے کی ذمہ داری لی ہے، خواتین آج سے ریاست میں کہیں سے بھی مفت سفر کر سکتی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران دی گئی 6ضمانتوں کو 100 دنوں کے اندر نافذ کیا جائے گا۔وزیراعلی نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے باکسر نکہت زرین کو 2 کروڑ روپے کا چیک حوالے کیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا