وادی میں بجلی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات اُٹھانے کی ضرورت

0
0

لوگوں کو درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے ڈی پی اے پی زمینی سطح پر کام کرے گی : غلام نبی آزاد
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍؍ وادی کشمیر میں بجلی کی صورتحال بدترین قراردیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈیموکریٹک پروگرسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ چنا ب اوروادی کشمیر میں قائم بجلی پروجیکٹوں کی پیداوار کا نصب حصہ جموں کشمیر کو فراہم کیا جانا چاہئے ۔ غلام نبی آزاد آج سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے جہاں پر شہر سرینگر بشمول شہر خاص سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوجوانوں نے ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اورڈیموکریٹک پروگریسیوآزاد پارٹی کے صدر غلام نبی آزاد نے وادی کشمیر میں بجلی کی صورتحال بدترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی اضافی خریداری کیلئے پہلے ہی اقدامات اُٹھائے جانے چاہئے تھے کیوں کہ یہ سبھی کو معلوم ہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے دوران بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ غلام نبی آزاد نے بتایا کہ خطہ چناب اور وادی کشمیر میں قائم بجلی پروجیکٹوں سے تیار ہونی والی بجلی باہر چلی جاتی ہے اور جموں کشمیر سرکار کو پھر اسی بجلی سے اپنے لئے بجلی خریدنی پڑتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کا مسئلہ ہر حکومت کیلئے ایک بڑا چلینج رہاہے تاہم اس صورتحال پر تبھی قابو پایا جاسکتا ہے جب بجلی پروجیکٹوں سے حاصل شدہ بجلی کا نصف حصہ جموں کشمیر کو دیا جائے ۔ غلام نبی آزاد سرینگر میں پارٹی کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں کشمیر کو اپنا کوئی ذریعہ معاش یا وسیلہ نہیں ہے یہاں پر صرف پہاڑ ہے جن میںصرف پتھر وغیرہ ہیں یہاں کے جنگلات ایک سرمایہ ہے جس کی طرف خاص توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ غلام نبی آزاد نے بتایاکہ وادی کشمیر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کافی بدلائو آیا ہے اس لئے ہمیں اس بدلائو کے ساتھ چلتے ہوئے لوگوں کی خدمت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر پارٹی کو مضبو ط بنانے کی طرف توجہ دیں۔ اس موقعے پر شہر سرینگر سے وابستہ خاص کر ڈاون ٹاون سے قریب 200کارکنوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا پارٹی لیڈران اور پارٹی صدر نے والہانہ استقبال کیا ۔ انہوںنے ہر ایک کارکن کو پارٹی کیلئے خاص قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہر سیاسی کارکن کی یہ کوشش رہتی ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنے طور پر کام کریں ۔ اس موقعے پر پارٹی کے ضلع صدر عامر بٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب شہر خاص سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہو ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے زمینی سطح پر کام کیاجارہا ہے ۔ عامراحمد بٹ نے بتایا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئے گی تو لوگوں کو سمارٹ میٹروں سے نجات دلائی جائے گی اور بجلی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ کہ ماضی میں ہر سیاست دان نے شہر سرینگر کے نوجوانوں کااستحصال کیا اور اپنے مفاد کیلئے ان کا استعمال کیا لیکن ڈی پی اے پی نوجوانوں کے خوابوں کو پنکھ دے گی اور ان کے مسائل کو حل کرانے کی طرف خصوصی توجہ دے گی ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا