نیپال لے جائی جارہی 4.50 کروڑ روپے کی اسمیک کے ساتھ دو اسمگلر گرفتار

0
0

نینی تال، 17 اگست (یو این آئی) اتراکھنڈ پولس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے تقریباً 4.5 کروڑ روپے کی اسمیک کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ملزمان اسمیک نیپال لے جا رہے تھے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کماون ایس ٹی ایف کو کافی عرصے سے منشیات کی اسمگلنگ میں بڑے اسمگلروں کے ملوث ہونے کی خبریں مل رہی تھیں۔ ایس ٹی ایف کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آیوش اگروال کی ہدایات پر، اسمگلروں کو پکڑنے کے لیے ایس ٹی ایف کے انسداد منشیات فورس کے کماون انچارج آر بی چمولا کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔
ایس ٹی ایف کی ٹیم کافی وقت سے اسمگلروں کی نگرانی میں مصروف تھی۔ جمعہ کی رات دیر گئے، ایس ٹی ایف ٹیم کو اسمیک کی ایک بڑی کھیپ نیپال اسمگل کیے جانے کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد ایس ٹی ایف کے انسپکٹر پون سوروپ کی قیادت میں ایک ٹیم نے بنبسا پولیس کے ساتھ مل کر اسمگلروں کو پکڑنے کے لیے مشترکہ آپریشن کیا۔
ٹیم نے بنبسا کے چکر پور بنکھنڈی مہادیو مندر کے نزدیک اپنا جال بچھایا۔ ایس ٹی ایف کے بچھائے گئے جال میں دونوں اسمگلر پھنس گئے۔ دونوں کے قبضے سے 1.527 کلو گرام اسمیک اور 315 بور کا پستول برآمد ہوا۔
دونوں گرفتار اسمگلر ہرویندر سنگھ اور جسدیپ، ادھم سنگھ نگر ضلع کے ستار گنج کے رہنے والے ہیں۔ تفتیش کے دوران ایس ٹی ایف کو معلوم ہوا کہ ملزم نے برآمد شدہ اسمیک اتر پردیش کے میر گنج کے ببلو نامی شخص سے خریدی تھی اور اسے کسی کو دینے کے لیے نیپال لے جا رہے تھے۔
ایس ٹی ایف کو یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزمان کافی عرصے سے نیپال میں اسمیک کی اسمگلنگ کر رہے تھے۔ ایس ٹی ایف کو اپنی تحقیقات میں مزید اہم حقائق ملے ہیں۔ ساتھ ہی ایک ٹیم ببلو نامی شخص کو میر گنج سے گرفتار کرنے میں مصروف ہوگئی ہے۔
یہ کماؤن میں ایس ٹی ایف کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی مانی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی نے اس کامیابی پر ٹیم کو 25 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا