ممبئی، 17 اگست (یو این آئی) بالی ووڈ اداکارہ نینا گپتا فلم اونچائی کے لیے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ملنے پر بہت پرجوش ہیں۔
جمعہ کو 70ویں نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔ نینا گپتا کو فلم اونچائی کے لیے بہترین معاون اداکارہ منتخب کیا گیا۔ نینا گپتا نے نیشنل ایوارڈ جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا، میں بہت شاکڈ ہوں۔
فلم اونچائی کو ریلیزہوئے دو سال ہوچکے ہیں۔ یہ میرے لیے بہت بڑا سرپرائزنگ ہے۔ نیشنل ایوارڈ ایک بڑی چیز ہے۔ میں اس کے بارے میں بہت زیادہ پرجوش ہوں۔ دوسرے فاتحین کے بارے میں بھی جان کر بہت اچھا لگا۔
نینا گپتا نے کہا کہ میں یہ ایوارڈ خود کو وقف کرنا چاہوں گی کیونکہ میں نے سخت محنت کی ہے۔ یہ میری محنت کا نتیجہ ہے۔ یہ میرے سفر کی عکاسی کرتا ہے اور میں کتنی دور آگئی ہوں۔ کبھی نہ کبھی تو رزلٹ آتا ہے اور یہ ایوارڈ اس کا ثبوت ہے۔ یہ اعزاز اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ میری محنت کو نوٹس کیا گیا۔ مجھے لگتا ہے کہ آپ کرتے جائیں، کبھی نہ کبھی پھل ملتا ہے۔ کام کے لیے ایوارڈ ملنا ایک بڑی حصولیابی ہے۔ فلم اونچائی کی شوٹنگ کے دوران مزہ آیا۔ مجھے ہدایت کار سورج بڑجاتیا سے پیار ہے۔ وہ سیٹ پر بہت پرسکون رہتے تھے۔ سب کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا تھا۔