نئی دہلی، //کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے نیشنل ہیرالڈ کی جائیدادوں کی قرقی کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اس طرح کے کسی بھی ہتھکنڈے سے ڈرنے والی نہیں ہے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ نیوز پیپر گروپ کے 760 کروڑ روپے کے اثاثوں کی قرقی مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کے کہنے پر کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آواز کو دبانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا لیکن ان کی سوچ غلط تھی۔
انہوں نے کہاکہ ‘اگر مسٹر مودی اور مسٹر شاہ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس طرح کے اقدامات سے کانگریس کو ڈرا یا دھمکی دے سکتے ہیں، تو ان کی سوچ غلط ہے۔ کانگریس نے انگریزوں کے خلاف جنگ لڑ کر ملک کو آزادی دلائی ہے اور کانگریس ایسے اقدامات سے نہیں ڈرتی۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ گروپ ایک عظیم تنظیم ہے اور اس کا تعلق کسی فرد سے نہیں ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے اسے ملک کی آزادی کے لیے آواز اٹھانے کے لیے شروع کیا تھا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ قدم جان بوجھ کر لوگوں کو کانگریس کو ووٹ دینے سے ڈرانے کے لیے اٹھایا گیا ہے لیکن وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو سمجھنا چاہیے کہ اس طرح کی کارروائی سے کسی کو ڈرایا نہیں جاسکتا۔