’نوجوان، خواتین، کسان اور غریب افراد ہمارے لیے چار سب سے بڑی ذاتیں ہیں ‘

0
0

بھارت کے پاس ماضی کی مایوسیوں کو پیچھے چھوڑ کر اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے:مودی
راجستھان میں 17,000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا ، قوم کے نام وقف کیا اور سنگ بنیاد رکھا
لازوال ڈیسک

نئی دہلی؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’وکست بھارت وکست راجستھان‘ پروگرام سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے 17,000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا، قوم کو وقف کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔یہ پروجیکٹ سڑکوں، ریلوے، شمسی توانائی، بجلی کی ترسیل، پینے کا پانی ، پیٹرولیم اور قدرتی گیس سمیت کئی اہم شعبوں میں معاونت کرتے ہیں۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے’’وکست بھارت وکست راجستھان‘‘ پروگرام کے ساتھ راجستھان کے تمام حلقوں کے لاکھوں لوگوں کے منسلک ہونے کو اجاگر کیا اور ان کی موجودگی کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام مستفیدین کو ایک جگہ جمع کرنے کی غرض سے ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کرنے پر راجستھان کے وزیر اعلیٰ کو بھی مبارکباد دی۔ راجستھان کے لوگوں کی خوبیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے،وزیراعظم مودی نے کچھ دن پہلے راجستھان میں فرانسیسی صدر مسٹر ایمانوئل میکرون کے استقبال کا ذکر کیا اور کہا کہ اسکی بازگشت نہ صرف ہندوستان بلکہ فرانس میں بھی سنی گئی۔ وزیر اعظم مودی نے راجستھان میں ودھان سبھا انتخابات کے دوران جب ریاست کا دورہ کیا تو لوگوں کے آشیرواد اور نیک خواہشات کے ساتھ ہی ’مودی کی گارنٹی‘ میں لوگوں کے اعتماد کے اعادہ کا بھی ذکرکیا اور جس کے نتیجے میں ڈبل انجن والی حکومت کی تشکیل ہوئی۔ انہوں نے سڑکوں، ریلوے، شمسی توانائی، بجلی کی ترسیل ، پینے کے پانی ، پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے شعبوں میں17,000 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹوں کے لیے راجستھان کے لوگوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس سے ریاست میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
لال قلعہ کی فصیل سے اپنی اپیل’یہ ہی وقت ہے- صحیح وقت ہے‘ کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے موجودہ وقت کو ایک سنہری دور قرار دیا اور کہا کہ اب ہندوستان ماضی کی دہائیوں کی مایوسیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پورے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے گھوٹالوں، عدم تحفظ اور دہشت گردی کی باتوں کے برخلاف، اب ہم وکست بھارت اور وکست راجستھان کے مقصد پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا، ’’آج ہم بڑے بڑے عزم کر رہے ہیں اور بڑے خواب دیکھ رہے ہیں اور ہم ان خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے خود کو وقف کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’جب میں وکست بھارت کی بات کرتا ہوں تو یہ صرف ایک لفظ یا جذبات نہیں ہے بلکہ یہ ہر کنبے کی زندگی کو خوشحال بنانے کی ایک مہم ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وکست بھارت ملک میں غربت کو دور کرنے، معیاری ملازمتیں پیدا کرنے اور جدید سہولیات پیدا کرنے کی مہم ہے۔ اپنے غیر ملکی دورے کے دوران ،جہاں سے وہ کل واپس آئے تھے، عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی بات چیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، وزیراعظم مودی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ عالمی رہنما اس بات کو قبول کر رہے ہیں کہ ہندوستان بڑے خواب دیکھ سکتا ہے اور ان خوابوں کوحقیقت کی شکل دے سکتا ہے۔
وزیر اعظم نے ریل، سڑک، بجلی اور پانی کے ضروری شعبوں کی تیز رفتار ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’وکست راجستھان کی ترقی وکست بھارت کی ترقی کے لیے ضروری ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے شعبوں کی ترقی سے دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ کسانوں، مویشی پروری کرنے والوں ، صنعتوں اور سیاحت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا جبکہ ریاست میں نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی پیداہوں گے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ اس سال کے مرکزی بجٹ میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے لیے ریکارڈ 11 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جو کسی بھی سابقہ حکومت کے مقابلے 6 گنا زیادہ ہے۔ وزیراعظم مودی نے اس بات پر زور دیا کہ ان اخراجات سے سیمنٹ، پتھر اور سیرامکس کی صنعتوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعظم نے گزشتہ 10 سال میں راجستھان میں دیہی سڑکوں، شاہراہوں اور ایکسپریس ویز یعنی قومی شاہراہوں میں بے مثال سرمایہ کاری کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج راجستھان، چوڑی شاہراہوں کے ذریعے گجرات اور مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں سے لے کر پنجاب تک سے جڑ رہا ہے۔ آج کے پروجیکٹوں کی بدولت کوٹہ، ادے پور، ٹونک، سوائی مادھو پور، بوندی، اجمیر، بھیلواڑہ اور چتوڑ گڑھ میں رابطے بہتر بنیں گے۔ یہ سڑکیں دہلی، ہریانہ، گجرات اور مہاراشٹر کے ساتھ بہتر رابطوں کو بھی یقینی بنائیں گی۔
ریلوے کے لیے برق کاری، تجدید اور مرمت کے کام کاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے جو آج کے پروگرام کا حصہ تھے، وزیر اعظم نے کہا کہ بندیکوئی-آگرہ فورٹ ریل لائن کو دوگنا کرنے سے مہندی پور بالاجی اور آگرہ تک رسائی میں سہولت پیدا ہو جائے گی۔ اسی طرح، انہوں نے کہا، کھاتی پورہ (جے پور) اسٹیشن مزید ٹرینوں کو چلانے میں سہولت فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم مودی نے حکومت کی ان کوششوں کواجاگرکیا ، جو وہ شہریوں کو اپنے گھروں میں شمسی بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی بجلی کی فروخت سے آمدنی پیدا کرنے کی غرض سے کررہی ہیں۔ جناب مودی نے پی ایم سوریہ گھر یوجنا یا مفت بجلی اسکیم کی شروعات پر روشنی ڈالی جہاں حکومت 300 یونٹ مفت بجلی کا بندوبست کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت ابتدائی طور پر 1 کروڑ کنبوں کو چھت پر سولر پینل لگانے کے لیے مالی مدد فراہم کرے گی جہاں اس پروجیکٹ پر تقریباً 75,000 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس سے متوسط اور نچلے متوسط طبقے کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک، قرضوں کی آسانی سے ادائیگی میں بھی سہولت فراہم کریں گے۔ جناب مودی نے غریب اور متوسط طبقے کے اخراجات کو کم کرنے میں ڈبل انجن والی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ’’راجستھان میں حکومت نے 5 لاکھ گھروں میں سولر پینل لگانے کا منصوبہ بنایا ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے چار طبقات یعنی نوجوان، خواتین، کسان اور غریب افراد کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا،’’یہ ہمارے لیے 4 سب سے بڑی ذاتیں ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ ڈبل انجن والی حکومت، مودی کی طرف سے ان طبقات کو بااختیار بنانے کے مقصد سے دی گئی ضمانتوں کو پورا کر رہی ہے‘‘۔ انہوں نے راجستھان کی نئی حکومت کے پہلے بجٹ میں 70 ہزار ملازمتوں کی تجویز پیش کئے جانیکو اجاگر کیا۔ انہوں نے پیپر لیک کے واقعات کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل کے لیے نئی ریاستی حکومت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے پیپر لیکس کے خلاف سخت نئے مرکزی قانون کے بارے میں بھی بتایا جو ایک روک تھام کا کام کرے گا۔
وزیر اعظم نے غریب خاندانوں کو 450 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کرنے کی ریاستی حکومت کی گارنٹی کا سرسری ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس سے راجستھان کی لاکھوں خواتین کو فائدہ ہوا ہے۔ پچھلی حکومت کے دوران جل جیون مشن میں گھپلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ کام اب تیز رفتاری سے شروع ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راجستھان کے کسانوں کے لئے پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت 6,000 روپے کی موجودہ مالی امداد میں 2,000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے توثیق کی کہ’’ ہم ہر شعبے میں ایک ایک کر کے اپنے وعدے پورے کر رہے ہیں۔ ہم اپنی ضمانتوں کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ اسی لیے لوگ کہتے ہیں – مودی کی گارنٹی کا مطلب، ضمانت کے پورا ہونے کی گارنٹی ہے۔
وکست بھارت سنکلپ یاترا کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، ’’مودی کی کوشش ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر استفادہ کنندہ کو اس کا حق جلد ملے اور کوئی بھی محروم نہ رہنے پائے۔‘‘ انہوں نے راجستھان کے کروڑوں شہریوں کی شرکت کو اجاگر کیا جہاں تقریباً 3 کروڑ لوگوں کامفت طبی معائنہ کیا گیا ہے، ایک کروڑ نئے آیوشمان کارڈ بنائے گئے ہیں، 15 لاکھ کسانوں کا کسان کریڈٹ کارڈ کے لیے اندراج کیا گیاہے، تقریباً 6.5 لاکھ کسانوں نے پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا کے لئے درخواست دی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تقریباً 8 لاکھ خواتین کا اجولا گیس کنکشن کے لیے اندراج کیا گیا ہے جہاں اس عرصے کے دوران 2.25 لاکھ کنکشن پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ راجستھان سے 16 لاکھ لوگ دو-دو لاکھ روپے کی بیمہ اسکیموں میں شامل ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے ان قوتوں کی طرف اشارہ کیا جو مایوسی کی فضا کو فروغ دیتی ہیں اور ملک کی کامیابیوں کا جشن منانے سے گریز کرتی ہیں۔ انہوں نے خاندانی سیاست کے خلاف بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سیاست نوجوانوں کو متاثر نہیں کرتی۔ پہلی بار ووٹ ڈالنے والینوجوانوں کے خوابوں اور امنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے نوجوان ’’وکست بھارت‘‘ کے وڑن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وِکِست راجستھان اور وکِست بھارت کا وژن ایسے پہلی بار ووٹ دینے والوں کے لیے ہے۔‘‘اس موقع پردیگر معزز شخصیات کے ساتھ ساتھ راجستھان کے گورنر کلراج مشرا، وزیر اعلیٰ راجستھان، بھجن لال شرما، راجستھان حکومت کے دیگر وزراء ، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی – ایم ایل ایز اور مقامی سطح کے نمائندوں نے شرکت کی۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا