نعت شریف کا پڑھنا اور سننا کارِثواب اور سرمایہ آخرت 

0
0
محبانِ اردو گلبرگہ کے نعتیہ مشاعرے میں مولانا سید عبدالرشید کا پر مغز خطاب 
لازوال ڈیسک
گلبرگہ //نعت شریف کا پڑھنا اور سننا عبادت اور باعثِ خیر و برکت ہے۔یہ ایمان میں تازگی، حضور اکرم سے محبت میں اضافے اور دنیا و آخرت کی سعادت کا ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا مفتی سید عبدالرشید صاحب، خطیب مسجد درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒگلبرگہ نے 8/ستمبر 2024 کو محبانِ اردو گلبرگہ کے زیر اہتمام منعقدہ نعتیہ مشاعرے میں بہ حیثیت نگران کار مشاعرہ کیا۔انھوں نے کہا کہ جشن میلاد النبی کے مبارک اور مسعود موقع کی مناسبت سے نعتیہ مشاعرے کے کامیاب انعقاد پر اظہار مسرت کرتے ہوئے محبانِ اردو گلبرگہ کو مبارک باد دی۔انھوں نے مزید کہا کہ نعت شریف طبع آزمائی کی محتاج نہیں ہوتی بلکہ یہ عطائے رب کریم ہے۔اللہ رب العزت جس سے جو لکھوانا چاہتا ہے لکھوا لیتا ہے۔مولانا سید عبدالرشید نے شاعرِ دربار ِ رسالت، اولین نعت گو حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ کے عربی نعتیہ اشعار کا حوالہ دیا اور شعرائے کرام کو نعت گوئی کے باب میں مشق سخن جاری رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عشقِ رسول میں ڈوب کر لکھا گیا ایک شعر بھی ممکن ہے نجات و مغفرت کا سبب بن جائے۔نعتیہ مشاعرے کا آغاز مولانا محمد نوح کی قرات کلام پاک سے ہوا۔خوش لحن جناب سید طیب علی یعقوبی نےنذرانہ نعت پیش کیا۔
جناب خواجہ پاشاہ انعام دار نائب صدر نے نعت اور نعت گوئی کی فضیلت بیان کرتے ہوئے حاضرین مشاعرہ کا خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین صدر محبانِ اردو گلبرگہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ محبانِ اردو گلبرگہ کی تشکیل کے بعد اس کی باقاعدہ سرگرمیوں کا آغاز ربیع الاول کے مبارک مہینے میں جشن میلاد النبی کے مقدس موقع پر نعتیہ مشاعرے کے انعقاد کے ذریعے ہو رہا ہے۔انھوں نے حاضرین سے مستقبل میں بھی محبانِ اردو گلبرگہ سے تعاون عمل کی درخواست کی۔نگران کار مشاعرہ اور صدر محبانِ اردو گلبرگہ کی تہنیت کا فریضہ ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین اور ڈاکٹر انیس صدیقی نے انجام دیا۔بعد ازاں جناب نورالدین نور غوری، جناب سید سجاد علی شاد، جناب صادق کرمانی، ڈاکٹر سید چندا حسینی اکبر، جناب راشد ریاض، جناب حسن محمود، جناب سید مختار احمد دکنی، ڈاکٹر سخی سرمست، جناب واجد اختر صدیقی،جناب محمد جاوید اقبال صدیقی،جناب مبین احمد زخم، محترمہ اسما عالم،جناب ظفر اقبال درانی اور جناب مقبول احمد نیر نے اپنے نعتیہ کلام سے مستفیض کیا۔معروف ناظم مشاعرہ جناب مسرور نظامی (بسواکلیان) نے نظامت کے فرائض بہ حسن و خوبی انجام دیے۔کثیر تعداد میں سامعین کی شرکت کے سبب کامیاب ترین یہ نعتیہ مشاعرہ جناب محمد مجیب احمد (نائب صدر) کے اظہار تشکر پر اختتام پذیر ہوا۔
FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا