مرکزمیں 4جون کو انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی:راہل گاندھی
حیدرآباد؍؍کانگریس کے لیڈرراہل گاندھی نے کہا کہ غریبوں کو دستور سے ہی مضبوط طاقت ملی ہے۔اس دستورکوبنانے میں عظیم دانشوروں نے برسوں کام کیا اورملک کو اپنادستوردیا تاہم بی جے پی اس دستور کوبدلنا چاہتی ہے۔تعلیم،ملازمت کے مواقع اور ووٹ کا حق یہ تمام ہمیں دستور سے ملا ہے تاہم بی جے پی اورآرایس ایس اس دستور کو ہی ختم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے تلنگانہ کے ضلع میدک کے نرساپور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اس یقین کااظہار کیا کہ 4 جون کو مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی۔راہل گاندھی نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دستور ہند نے ملک کے تمام کمزورطبقات اورغریبوں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔دستوربننے سے پہلے غریبوں اورمتوسط طبقات کے لئے کوئی حقوق نہیں تھے تاہم دستور نے ان کو حقوق دیئے اوراسی دستور کی وجہ سے تمام سے انصاف کویقینی بنایاجارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر بی جے پی اقتدار میں پھر ایک مرتبہ آگئی تو دستورکو ہی ختم کردیاجائے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم مودی صرف چند افراد کو ہی فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری طرف وہ عوامی شعبوں کے اداروں کی نجی کاری کے کام بھی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس غربت کا خاتمہ کرے گی۔راہل گاندھی نے کہا کہ ملک بھر میں تقریبا30لاکھ ملازمتیں مخلوعہ ہیں۔مرکز میں انڈیا اتحاد کے برسراقتدارآنے کے بعد 15اگست سے ملازمتوں کو پْرکرنے کا عمل شروع کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کو موجودہ حکومت نے کئی بلین روپئے کے قرضہ جات دیئے تاہم کسانوں کے قرضہ جات کومعاف نہیں کیا۔کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔