پٹنہ، // بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے اتوار کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے دو گھنٹے کے اندر ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کردیا۔
مسٹر کمار، بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر سمراٹ چودھری اور اسمبلی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر وجے سنہا کے ساتھ، جو نئی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالیں گے، راج بھون گئے اور گورنر راجیندر وشواناتھ ارلیکر کو حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرتے ہوئے حمایتی خط سونپا۔
ان کے ساتھ بی جے پی کے بہار انچارج ونود تاوڑے، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر وجے کمار چودھری، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے سربراہ جیتن رام مانجھی اور آزاد ایم ایل اے سمیت کمار سنگھ بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بننے والی نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب شام 5 بجے راج بھون میں ہونے والی ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق نئی حکومت میں وزراء کے نام اور انہیں کون سے قلمدان ملیں گے اس کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پہلی بار وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے محکمہ داخلہ کی ذمہ داری چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس بار محکمہ داخلہ کی ذمہ داری بی جے پی کے ایک وزیر کو دی جائے گی۔