اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے :امام بخاری
خادم حرمین شریفین ملک سلمان بن عبد العزیز آل سعودکے نام مکتوب
یواین آئی
نئی دہلی؍؍میانمار میں روہنگیامسلمانوں کے خلاف ہونے والے بے پناہ مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہلی جامع مسجد کے شاہی امام سیداحمد بخاری نے اسلامی ممالک کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی اپیل کی ہے ۔خادم حرمین شریفین ملک سلمان بن عبد العزیز آل سعودکے نام بھیجے گئے ایک خط میں امام بخاری نے کہا ہے کہ اس وقت میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی جو دردناک صورت حال ہے اس سے آپ بخوبی واقف ہوں گے ۔ وہاں حقوق انسانی کی بڑے پیمانے پر پامالی ہو رہی ہے اور وہاں کی سیکورٹی فورسز اور اکثریتی بودھ آبادی کے ہاتھوں مسلمانوں پر بے انتہا مظالم توڑے جا رہے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں مسلمان ہلاک اور تقریباً ایک لاکھ نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ حالات انتہائی نازک اور لرزہ خیز ہیں۔ وہاں صدیوں سے آباد امن پسند مسلمانوں کے ساتھ بدترین تشدد اور مظالم کا جو سلسلہ چل رہا ہے اس نے دنیائے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ ان کے سامنے اب اپنے وجود کی بقا کا سوال کھڑا ہو گیا ہے ۔ مظالم سے تنگ آکر نقل مکانی پر مجبور ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کے سامنے جائے پناہ اور خوراک کا زبردست مسئلہ پیدا ہو گیا ہے ۔ شاہی امام نے مزید لکھا ہے کہ اس صورت حال نے پوری دنیا کے مسلمانوں کوبے پناہ کرب و اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے ۔ بعض مسلم ممالک کی طرف سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن عالمی ادارے خاموش ہیں۔ بظاہر میانمار کی حکومت کو بھی مظالم کا سلسلہ بند کروانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ لہٰذا آج ہندوستان سمیت پوری دنیا کے مسلمان آپ کی جانب پر امید نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ آپ اس انسانی بحران پر اپنی توجہ مبذول فرمائیں اور روہنگیا مسلمان جس کربناک صورت حال سے دوچار ہیں اس سے ان کو نجات دلائیں۔ ضروری ہے کہ آپ کی طرف سے موجودہ صورت حال پرضروری اقدامات کرنے کیلئے اسلامی ممالک کاہنگامی اجلاس طلب کیاجائے ۔ آپ کا یہ قدم دنیا کی نگاہوں میں تو قابل ستائش ہوگا ہی اللہ تعالی کے نزدیک بھی اجر کا باعث بنے گا ۔