شاہ نواز
ریاسی؍؍ ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہور میں ایک ماروتی کارکے دردناک حادثے میں دو جونواں کی موت واقع ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مہوربٹھوئی سڑک پر ایک ماروتی کار زیر نمبر JK08B-4586 گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار دو نوجوان موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔ دریں اثناء یہ سڑک حادثہ گزشتہ شب کے دوران پیش آیا تھا لیکن خراب موسم کے پیش نظر اس حادثہ کی خبر کسی کو بھی نہیں ملی اور دونوں نوجوانوں کی نعشیں دوران شب سے لے کرایتوار دوپہر تک نالہ میں ہی پڑی رہی۔یاد رہے اس حادثے کی خبر کسی راہگیر نے مقامی لوگوں تک پہنچائی۔ یہ خبر ملنے پر مقامی لوگ اور پولیس موقع پر پہنچے اور نعشوں کو وہاں سے اْٹھاکر سی ایچ سی مہور میں پہنچایا گیا۔وہیں سی ایچ اومہور میں دونوں نعشوں کے قانونی لوازمات پْر کرنے کے بعد آخری رسومات ادا کرنے کے لئے لواحقین کے حوالے کر دیا گیاجن کی پہچان اعجاز احمد ولد نظام دین عمر 34سال ساکنہ مہور (پھڑی) اور محمد آصف ولد محمد دین عمر 27 سال ساکنہ مہور پھڑی کے طور پر ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ سڑک حادثہ مہور سب ڈویژن کے صدر مقام سے چند کلومیٹر دور ہائر سیکنڈری اسکول مہور سے 1کلومیٹر کی دوری پر واقع مہور بٹوئی سڑک پر پیش آیا ہے ۔