دیانتداری کی سیاست کا سبق دینے والے خود بد دیانتدار ثابت ہوئے:شارق
سرینگر؍ :کے این ایس / سابق ممبر پارلیمنٹ شریف الدین شارق نے مہا راشٹرا میں بھارتیہ جنتاپارٹی (بھاجپا )کی جانب سے حکومت سازی کے فیصلے اور عمل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیانتداری کی سیاست کا سبق دینے والے خود بد دیانتدار ثابت ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے اقتدار میں آنے کیلئے نہ صرف جمہوری اقدار و اصولوں کو قتل کیا بلکہ آئین ہند کی بھی دھجیاں اڑائیں۔کشمیر نیوز سروس(کے این ایس ) کے ساتھ بات کرتے ہوئے سابق ممبر پارلیمنٹ شریف الدین شارق نے مہا راشٹرا کی سیاست پر اپنا ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح راتو رات یہاں بھاجپا نے حکومت سازی کی ،اُسکی ملکی سیاست اور جمہوری نظام میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ مہا راشٹرا میں بھاجپا کی جانب سے حکومت سازی کا فیصلہ غیر آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہا راشٹرا میں چور دروازے سے سرکار کی شکیل دینا بھاجپا کی سیاست پر بڑا سوالیہ ہے ۔سابق ممبر پار لیمنٹ شریف الدین شارق نے بتایا کہ بھاجپا نے اقتدار میں آنے کیلئے جمہوری اصولوں کا قتل کیا جبکہ آئین ہندکی بھی دھجیاں اڑائیں ۔ان کا کہناتھا کل تک بھارتیہ جنتاپارٹی (بھاجپا ) دیانتداری کی سیاست کا سبق دیتی تھی ،لیکن مہاراشٹرا میں اقتدار میں آنے کیلئے اس جماعت نے جو طریقہ کار اپنایا ،اُس سے انکی بقول شارق بد دیانتداری ثابت ہوتی ہے ۔شریف الدین شارق نے مزید بتایا کہ آئین اور جمہوری نظام کی پاسداری کو یقینی بنائے رکھنے کیلئے ’ہارس ٹریڈنگ ‘ پر روک لازمی ہے ۔