مہاراشٹرکے کئی علاقوں میں 9دنوں میں ایک بار پانی کی سپلائی:وزیرصحت تلنگانہ ہریش راو

0
0

حیدرآباد10جون (یواین آئی)تلنگانہ کے وزیر صحت وزیر ہریش راؤ نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراونے حیدرآباد کی پانی کی پریشانی کو دور کیا ہے۔ ماضی میں پینے کے پانی کے لئے لوگ دھرنا دیا کرتے تھے تاہم اب تلنگانہ میں ایسے حالات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں ایسے علاقے ہیں جہاں 9 دنوں میں ایک بار پینے کا پانی سپلائی کیاجاتا ہے۔ انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں ہی نہیں بلکہ دیہاتوں میں بھی وزیراعلی کے چندرشیکھرراو 24 گھنٹے بجلی فراہم کررہے ہیں۔ وزیر موصوف نے حیدرآباد کی کوکٹ پلی ہاؤسنگ بورڈ کالونی (کے پی ایچ بی کالونی) میں 100 بستروں کے اسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل سرکاری اسپتالوں میں پیدائش کی شرح 30 فیصد تھی لیکن اب یہ 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست آندھراپردیش میں 20 سال میں صرف ایک میڈیکل کالج کا قیام عمل میں آیا تھا لیکن تلنگانہ میں 9 سال میں 21 میڈیکل کالجس کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں میڈیکل کی تعلیم کے خواہشمندوں کویوکرین اور چین جانا پڑتا تھا جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کی کمی تھی۔ اُس وقت ایم بی بی ایس کی نشستیں 2,950 تھیں لیکن آج 8,340 نشستیں ہیں۔ وزیر موصوف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران جھوٹا پروپگنڈہ پھیلا رہے ہیں کہ انہوں نے میڈیکل کالجس دیئے ہیں جبکہ حکومت تلنگانہ ہر ایک میڈیکل کالج کے لیے 500 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک بھر میں 157 میڈیکل کالج دیئے ہیں لیکن تلنگانہ میں ایک بھی نہیں دیاگیا۔وزیر موصوف نے کہا کہ اگلے مہینے کی 14 تاریخ سے ریاست بھر میں نیوٹریشن کٹس فراہم کئے جائیں گے۔وزیراعلی ا س اسکیم کاآغاز کریں گے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا