لیفٹیننٹ گورنر نے آثار شر یف درگاہ حضرت بل میں حاضری دی،عید الاضحی کے اِنتظامات کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموںوکشمیرمیں امن وامان کی موجودہ صورتحال پراطمینان کااِظہارکرتے ہوئے کمیونٹی کے عمائدین ، مذہبی سربراہوں ، ممتاز شہریوں او رتمام شراکت داروں سے مطالبہ کیاکہ وہ ان مٹھی بھر لوگوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اَپنے ہاتھ جوڑیں جو اَپنے مفادات کے لئے اَمن اور ترقی میں خلل ڈالنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔ایل جی سنہانے آج آثارِ شریف درگاہ حضرت بل میں حاضری دی۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ چیئرپرسن جموںوکشمیر وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اَندرابی، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری اور سینئر اِنتظامی اَفسران بھی تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے آثارِ شریف درگاہ حضرت بل کے دورے کے دوران عید الاضحی کی تقریب ِسعیدکے سلسلے میں عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات کا جائے وقوعہ پر معائینہ کیا۔اُنہو ں نے کہا کہ عید الاضحی کی تقریب ِ سعید خوشی و مسرت اور معاشرے میں بھائی چارے ، اَمن ، ہمدردی ، اتحاد اور ہم آہنگی کے بندھن کو مزید مضبوط کرنے کا موقعہ ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، رواداری ، تمام مذاہب کا احترام اور تمام تقاریب کو ایک ساتھ منانے کے روایات ہمیشہ ہماری تہذیب کی بنیاد رہی ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ کافرض ہے کہ وہ ہر مقدس تقریب کے لئے تمام تر اِنتظامات کرے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ریشی اور صوفی سنتوں نے کثرت میں وحدت او رہم آہنگی کو مضبوط کیا ہے جو ہماری عظیم قوم کی نمایاں خصوصیت ہے اور یہ سب کے لئے اَمن ، ترقی او رخوشحالی کو یقینی بنانے کی ترغیب دیتی ہے ۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ آج جموںوکشمیر ترقی کے کئی پیرا میٹروں میں ترقی یافتہ ریاستوں اور یوٹیز کے برابر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ روحانی رہنما نوجوانوں کو معاشرے اور مستقبل کی تشکیل کے لئے ہمارے مشترکہ ورثے اور اَقدار کو سمجھنے کے قابل بناتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہم جموںوکشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے روحانی رہنمائوں اور عام آدمی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ میں کمیونٹی کے عمائدین ، مذہبی سربراہوں ، ممتاز شہریوں او رتمام شراکت داروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ان مٹھی بھر لوگوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اَپنے ہاتھ جوڑیں جو اَپنے مفادات کے لئے اَمن اور ترقی میں خلل ڈالنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے حضرت بل میں کثیر المنزلہ پارکنگ اور سڑک کو چوڑا کرنے سمیت مطالبات کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ اِس سلسلے میں مناسب اقدامات اُٹھائے جائیں گے اور اِس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان مطالبات کو جلد اَز جلد پورا کیا جائے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے زیارت گاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کی ترقی میں حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے جموں وکشمیر میںآثارِ شریف درگاہ حضرت بل ، چرارِ شریف اور دیگر ممتاز مذہبی مقامات پر سیاحوں کی آمد کو بڑھانے کے لئے تمام اِمکانات کو تلاش کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی پر زور دیا۔اِس موقعہ پر روحانی پیشوا ، وقف اَفسران ، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران اور ممتاز شہری موجود تھے۔