ایم پی نے افسران کو متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں مسلسل بارشوں سے املاک اور مویشیوں کو ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ جموں کے ڈویژنل کمشنروں کے ساتھ ساتھ کشمیر کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اس قہر کا نوٹس لینا چاہئے اور متاثرہ افراد کی مدد کرنی چاہئے۔اتوار کو میڈیا تنظیموں کو جاری کردہ ایک بیان میں، بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ڈویژنل انتظامیہ کو محکمہ حیوانات، زراعت وغیرہ کو بارش، برف باری،ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانا چاہیے۔
کھٹانہ نے کہا کہ آفت میں زخمی ہونے والوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے اور مکانات گرنے، لینڈ سلائیڈنگ وغیرہ کے واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔ایم پی نے بتایا کہ انہیں متاثرہ لوگوں کی طرف سے باقاعدگی سے ٹیلی فونک کالز موصول ہو رہی ہیں جو مدد کے لیے پکار رہے ہیں اور ان کے مصائب واقعی دل کو دہلا دینے والے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اور جموں و کشمیر کے مرکزی علاقے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں، حکومت سب کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو بھی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آفت زدہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں انتظامیہ اور سرکاری افسران و اہلکاروں کی طرف سے کسی بھی قسم کی تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔