تین خاندانوں نے جموں و کشمیر کو لوٹا:جموں اور کشمیر، دو آنکھیں؛مساوی ترقی بھاجپاکامشن
جان محمد
جموں؍؍مرکزی وزیر اور سینئر بھاجپا رہنما شیو راج سنگھ چوہان نے آج کٹھوعہ میں مختلف انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی ترقی اور عوامی بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ چوہان نے اپنی تقریر میں بھاجپا کے ویژن اور مقامی عوام کے مفادات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔چوہان نے اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے کہا، ’’مدھیہ پردیش کا میں ماماہوں تو کٹھوعہ والوں کا بھی ماماہوں۔ پگڑی کا مان کٹھوعہ کی جنتا کی شان ہے، اور ہم کبھی کٹھوعہ کی عزت کو کم نہیں ہونے دیں گے۔‘‘
https://jkbjp.in/
مرکزی وزیرشیورام سنگھ چوہان بدھ کو مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندرسنگھ کے ہمراہ رام لیلاگرائونڈ کٹھوعہ میں پارٹی اُمیدوار بھارت بھوشن، ہیرانگرکے ہریہ چک گرائونڈ میں پارٹی اُمیدوار وجے شرما اور ارنیہ بشناہ میں پارٹی اُمیدوار ڈاکٹر راجیو کے حق میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ کی دھرتی مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رہے گی اور بھاجپا اس خطے کی ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔شیو راج سنگھ چوہان نے جموں و کشمیر کے تعلق سے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے نظریات کو یاد کرتے ہوئے کہا، ’’یہ بھارت کی دھرتی ہے، یہاں جانے کے لیے پرمٹ نہیں چاہیے ہوگا، جیسے مکھرجی نے کہا تھا۔‘‘
انہوں نے جموں و کشمیر میں ہونے والی تاریخی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کارکنان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ چوہان نے مزید کہا،’’کارکنان نے بہت لاٹھیاں کھائیں، جیل گئے، ایسے کارکنان کو سلام ہے۔‘‘چوہان نے جموں و کشمیر کی ماضی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے صرف تین خاندانوں نے یہاں حکومت کی اور عوام کو لوٹا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان خاندانوں نے جموں کو ہمیشہ نظر انداز کیا اور انصاف سے محروم رکھا۔بھاجپا کی پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ ان کے لیے جموں اور کشمیر دونوں برابر ہیں۔ ’’جموں اور کشمیر ہماری دو آنکھیں ہیں، اور بھاجپا کبھی جموں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دے گی،‘‘انہوں نے کہا۔
شیو راج سنگھ چوہان نے بھاجپا کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کا ذکر کیا جن کے ذریعے جموں و کشمیر میں ترقیاتی کام ہوئے۔ ‘‘ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے شاہ پور کنڈی پروجیکٹ شروع کیا جس سے کسانوں کے کھیتوں کو سینچائی ملی۔ 12 نئے میڈیکل کالج، 1800 کلومیٹر شاہراہیں، اور 19000 کلومیٹر سڑکیں بنائی جا رہی ہیں جو 2000 گائوں کو جوڑ رہی ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار کی پالیسیوں کے باعث آج کشمیر سنبھل رہا ہے، جموں و کشمیر سنور رہا ہے اور پورا خطہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔چوہان نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دفعہ 370 کو واپس لانے کی بات کرتے ہیں، لیکن یہ ناممکن ہے۔ ’’جو کہتے ہیں کہ دفعہ 370 واپس لائیں گے، وہ ایسا کبھی نہیں کر سکیں گے،‘‘انہوں نے واضح کیا۔اُنہوں نے نیشنل کانفرنس کونانسینس اورکانگریس کوکورپٹ پارٹی کہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جموں وکشمیرکوہمیشہ کوٹااورلوگوں کاجذباتی استحصال کیا۔
چوہان نے بتایا کہ سیاحت کے شعبے میں بھاری ترقی ہوئی ہے، اور 2 کروڑ سے زائد سیاح جموں و کشمیر آئے ہیں۔ مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔’’شکارے چل رہے ہیں، موٹر گاڑیاں چل رہی ہیں، اور لوگ روزگار حاصل کر رہے ہیں،‘‘چوہان نے کہا۔اُنہوں نے کہاکہ ہمارامقصد ہے لوگوں کی تقدیر بدلنااوران کے چہروں پرمسکان لاناہے۔اُنہوں نے دہشت گردی کیخلاف وزیراعظم نریندرمودی کی پالیسی کواُجاگرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کوبھاجپاسرکار چھوڑے گی نہیں اور انہیں ایساسبق سکھائیں گے ،اتنا گہرا دفنائیں گے کہ کبھی باہرنہیں نکل پائے گا ‘‘۔شیو راج سنگھ چوہان نے کانگریس پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ریزرویشن کے حوالے سے جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’بھاجپا کے رہتے مودی جی کے رہتے ریزرویشن ختم نہیں ہوگا، بلکہ جن کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، جیسے گوجروں کو سیاسی ریزرویشن سے محروم رکھا گیا، ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔‘‘