’مودی کی گارنٹی ہی اصلی گارنٹی ہے اس کے آگے اور کوئی گارنٹی نہیں‘

0
0

دفعہ 370کی منسوخی سے دنیا بھر میں یہ پیغام گیا کہ ’مودی ہے تو ممکن ہے‘ :ڈاکٹر جتیندر سنگھ
جان محمد

جموں؍؍وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے منگل کے روز کہاکہ مودی کی گارنٹی ہی اصلی گارنٹی ہے اس کے آگے اور کوئی گارنٹی نہیں۔اُنہوں نے مزیدکہاکہ پی ایم مودی نے جموں وکشمیر میں 70سال کی نا انصافیوں کا ازالہ کرکے ہر طبقے کو انصاف فراہم کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے دفعہ 370کو منسوخ کرکے دنیا تک یہ پیغام پہنچایا کہ ’’مودی ہے تو ممکن ہے‘‘۔مرکزی وزیر نے کہا مودی کی گارنٹی ہی اصلی گارنٹی ہے اس کے آگے اور کوئی گارنٹی نہیں۔انہوں نے جموں وکشمیر کو پر امن خط بنانے کے لئے وزیر اعظم مودی کی ستائش کی۔جموں میں عوامی ریلی سے خطاب کے دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ پی ایم مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر اس وقت ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے۔
انہوں نے کہا :’’دفعہ 370کے باعث جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقوق سلب ہو رہے تھے تاہم موجودہ مرکزی حکومت جس کی سربراہی نریندرمودی کر رہے ہیں نے اس قانون کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا۔‘‘مرکزی وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے ، لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر موجودہ حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا :’’پی ایم مودی نے جموں وکشمیر میں 70سال کی نا انصافیوں کا خاتمہ کرکے لوگوں کو اس فرسودہ قانون سے چھٹکارا دلایا۔‘‘انہوں نے عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کہاکہ دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں امن و امان کی فضا واپس لوٹ آئی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:’’دنیا کے ہر دلعزیز لیڈر کا شیاما پرساد مکھرجی اور مندروں کے شہر کی دھرتی پر پرتپاک استقبال کرتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہاکہ مودی جی کی ریلی میں شرکت کے لئے لوگوں میں کافی جوش اور جذبہ دیکھا گیا ہے۔مرکزی وزیر مملکت نے کہا جب وزیر اعظم مسند اقتدارپر جلوئے افروز ہوئے تو جموں وکشمیر میں سیلاب آیا ، مودی جی نے دیپاولی کا تہوار سیلاب زدگان کے بیچ منایا۔دنیا کاسب سے اونچا ریل پل جموں میں ہی تعمیر ہوا، ایشیاکی سب سے لمبی چنانی ناشری ٹنل جموں وکشمیر میں ہی بنی۔انہوں نے کہاکہ مودی جی نے جموں وکشمیر کو دو ایمز ، آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم دئے۔
ان کے مطابق جموں وکشمیر کی بیٹیوں، والمیکی سماج ، گوجر اور پہاڑیوں کو حقوق فراہم کرنے کی خاطرموجودہ حکومت نے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری کی خاطر بھی موجودہ حکومت نے زمینی سطح پر کام کیا ہے۔دفعہ 370کی منسوخی کے بارے میں مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ آرٹیکل 370کی منسوخی سے مودی جی نے دنیا کے آگے یہ ثابت کردیا ہے کہ ’’مودی ہے تو ممکن ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ رام مندر کی تعمیر کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ مودی کی گارنٹی ہی اصلی گارنٹی ہے اس کے آگے اور کوئی گارنٹی نہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا