بی ایس ایف کیمپ پلوڑہ جموں میں یوتھ فیسٹول
کہانوجوانوں کے خوابوں کی تعبیرکیلئے انتظامیہ منصوبہ بند طریقے سے اور شراکت داروں کے ساتھ مشاورت سے آگے بڑھ رہی ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج بی ایس ایف کیمپ پالورا جموں میں یوتھ فیسٹول سے خطاب کیا اور مشن یوتھ سکیموں سے اِستفادہ کنند گا ن ، ایتھلیٹس اور اگنیور اور جموںوکشمیر پولیس کے نئے بھرتی ہونے والوں کو مبارک باد دی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے روزگار میلہ اور آن سپاٹ پلیسٹمنٹ مہم کا بھی آغاز کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایتھلیٹکس میٹ کے فاتحین اور نئے بھرتیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے نوجوان آبادی کی اُمنگوں کے تئیں حکومت جموںوکشمیر یوٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ ہم مستقبل کے لئے اَپنے نوجوانوں کو بااِختیار بنار رہے ہیں ۔ جاری تربیت اور سکل ڈیولپمنٹ اور اپرنٹس میلے کا مقصد ان کے کیریئر کے اِمکانات کو فروغ دینا اور ایک کاروباری ماحول کی تعمیر کرنا ہے ۔ ہم نے نئے کاروبار کی تخلیق کی حوصلہ اَفزائی کے لئے مالی وسائل اور سٹارٹ اَپ سپورٹ سروسز کو یقینی بناناہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوٹی اِنتظامیہ منصوبہ بند طریقے سے اور شراکت داروں کے ساتھ مشاورت سے آگے بڑھ رہی ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو ان کے خوابوں کی تعبیر کے لئے ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا ،’’ ہم عام آدمی ، کسان مزدور ، تاجر ، ملازم اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اَقدام کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنرنے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموںوکشمیر کے نوجوانوںکو بااِختیار بنانے میں نئے سنگ میل حاصل کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا ،’’ ہمارے نوجوان مضبوط اور اتما نربھر جموںوکشمیر کے ویژن کو پورا کرنے کے لئے مواقع کو لامحدود اِمکانات میں تبدیل کر رہے ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی نے گذشتہ برس پی ایم اِی جی پی یونٹوں کی سب سے زیادہ تعداد قائم کی تھی اور کاروباری اَفراد کی ریکارڈ تعدادسے روزگارکے متلاشیوں کے بجائے روزگار دینے والے بننے کا خواب پورا ہو رہا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس تاریخی کامیابی کا سہرا جموںوکشمیر کے نوجوانوں کو جاتا ہے جنہوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی میں گذشتہ تین برسوں میں ہم نے زائد اَز 30,000 خالی سرکاری اَسامیوں کو پُر کیا ہے۔ اِنتظامیہ میں 20ہزار خالی اَسامیوں کو پُر کرنے کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔ اُنہوں نے نوٹ کیا کہ جموںوکشمیر کے 6 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو تکنیکی مدد اور مالی مدد فراہم کی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بیک ٹو وِلیج اور مائی ٹائون مائی پرائیڈ کے صرف 10 دِنوں میں جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ نے 75,000 نئے کاروبار ی پیدا کئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر میں ہائی ویز اور ٹنل بنانے کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اَگلے 5برسوں میں جموںوکشمیر کے جی ڈی پی میں زراعت کی شراکت کو دوگناکرنے کے لئے 5,000 کروڑ روپے سے زیادہ دستیاب کئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کے نوجوانوں کی حقیقی صلاحیتوں کا اِدراک کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر اِنتظامیہ تقریباً 17 خود روزگار سکیمیں چلا رہی ہے اور ہر ضلع میں روزگار میلے بھی منعقد کئے جارہے ہیں جن میں نجی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں ۔ ملک بھر سے نوجوانوں کو موقع پر آفرز فراہم کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر جو تمغوں کی فہرست میں سب سے نیچے تھا ، اَب بین الاقوامی مقابلوں میں قوم کا نام روشن کر رہا ہے ۔ ’ مائی یوتھ ،مائی پرائیڈ‘ یونیورسٹی ایتھلیٹک چمپئن شپ اور ایل جی رولنگ ٹرافی لاکھوں اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایک مناسب پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مائی یوتھ ، مائی پرائیڈ کے تحت زائد اَز 50 لاکھ بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کا موقعہ ملتا ہے اور یونین ٹیریٹری کے 42,000 نوجوانوں نے ایل جی رولنگ کرکٹ ٹرافی میں حصہ لیا۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے 6 اَضلاع میں 20 ؍ مارچ کو منعقد ہونے والے پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلے کے بارے میں بھی بتایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سینٹر فارڈ سٹرکٹ یوتھ ٹریننگ اینڈ امپاور منٹ ٹرینیز ( سی۔ڈی وائی ٹی اِیی) سے وابستہ تمام ٹرینرز اور اَفسران کو مبارک باد پیش کی اور انہیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں میں نئی صلاحیتیں پیدا کرنے اور ترقی دینے کا مشورہ دیا۔صرف جموں ضلع میں 15سی۔ڈی وائی ٹی اِی مرکز ضلع کے 300 گائوں کے نوجوانوں کو ترقیاتی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ضلع اِنتظامیہ جموں نے یوتھ فیسٹول کا اِنعقاد مشن یوتھ کے اشتراک سے کیا تھا ۔ مختلف محکموں کی سکیموں سے مستفید ہونے والے تاجروں کو توصیفی اسناد سے بھی نوازا گیا ۔ اِس موقعہ پرسی۔ ڈی وائی ٹی اِی کے اِنسٹرکنٹروں کو بہترین اِنسٹرکرز ایوارڈ سے نوازا گیا۔اِس موقعہ پرچیئرمین ڈی ڈی سی جموں بھارت بھوشن ، جموںوکشمیر پولیس ، بی ایس ایف اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ممتاز شہری اورنوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے۔