مودی کو این ڈی اے کی مکمل حمایت حاصل ہوئی

0
0

کہااس وقت ملک کو ترقی اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے موزوں رہنما ہیں
یواین آئی

نئی دہلی؍؍قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے رہنماؤں نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیشی، ان کی قائدانہ صلاحیت اور 10 سال کے ان کے کام سے ملک کی ترقی اور دنیا میں ہندوستان کے فخر میں اضافہ کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ملک کو ترقی اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے موزوں رہنما ہیں ۔مسٹر مودی کو نو منتخب این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر کے طور پر منتخب کرنے کے لئے پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ میٹنگ میں کہا گیا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کی مسلسل تیسری جیت مسٹر مودی کی قیادت والی حکومت کے 10 سال کے کاموں اوروزیر اعظم کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے۔
این ڈی اے لیڈروں نے کہا کہ انتخابات کے دوران مودی حکومت کے بارے میں جو بے بنیاد باتیں پھیلائی گئیں عوام نے اسے مسترد کر دیا۔ انہوں نے مسٹرمودی کو غیر مشروط طور پر مکمل حمایت اور تعاون دینے کا عہد کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسٹر مودی کی قیادت میں ہندوستان جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا اور سب کے ساتھ اور سب کی ترقی کے مسٹرمودی کے ویڑن کے ساتھ ہندوستان ترقی یافتہ قوم کا ہدف بھی حاصل کرے گا۔
میٹنگ میں تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے لیڈر این چندرابابو نائیڈو اور جنتا دل یونائیٹڈ کے لیڈر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ این ڈی اے حکومت قومی اور علاقائی امنگوں کے درمیان مناسب توازن کے ساتھ ملک کو ترقی کی راہ پر لے جائے گی۔وزیر اعظم کے ہر کام اور ہر بات کی حمایت کرنے کے اپنی پارٹی کے وعدے کو دہراتے ہوئیمسٹر کمار نے مسٹر مودی کے وزیر اعظم کے طور پر انتخاب کی منظوری دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بہار کے باقی ماندہ کام بھی ان کے دور حکومت میں مکمل ہو جائیں گے۔مسٹر نتیش کمار نے کہا ”اگر آپ (مسٹر مودی) حلف لیتے ہیں تو ہم آپ کے ساتھ ہوں گے۔ ہم سب آپ کی قیادت میں کام کریں گے۔‘‘
مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ چار دہائیوں سے سیاست میں ہیں اور کئی لیڈروں سے ملے ہیں۔ لیکن مسٹر مودی نے پوری دنیا میں ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’دنیا میں ہندوستان کی شان بڑھانے کا پورا کریڈٹ مسٹر مودی کو دیا جا سکتا ہے۔ یہ ملک کے لیے بہترین کامیابی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے اور این ڈی اے کی تیسری میعاد میں ملک دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ مسٹر مودی سال 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
میٹنگ میں مسٹر مودی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ 10 سال پہلے ہندوستان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہاں کچھ نہیں بدلنے والا ہے۔ لیکن آج 10 سال بعد مسٹر مودی کی قیادت میں وہی ہندوستان ایک پرامید ہندوستان بن گیا ہے اور ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کے ساتھ آگے بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم مسٹر مودی کو ان کی انتھک کوششوں، انتھک محنت اور ہر لمحہ جو انہوں نے ملک کی خدمت کے لیے وقف کیا ہے ، اس کے لیے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہندوستان پھر سے تاریخ رقم کر رہا ہے اور تیسری بار این ڈی اے کی حکومت مکمل اکثریت کے ساتھ برسراقتدار آ رہی ہے۔ یہ ہم سب کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور ہم نریندر مودی جی کو مسلسل تیسری بار این ڈی اے کا لیڈر منتخب کرنے جا رہے ہیں۔ اس تاریخی لمحے میں آج ہم سب عینی شاہد بن رہے ہیں… یہ ہم سب کی خوش قسمتی ہے۔‘‘
پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قومی صدر چراغ پاسوان نے کہا "میں اپنے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ کی وجہ سے ہی این ڈی اے نے اتنی بڑی جیت حاصل کی ہے۔ اس کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔ ہم دنیا کے سامنے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہندوستان ملک کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔ ہندوستان کے لوگوں کو آپ پر پورا بھروسہ ہے۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جن سینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے کہا ”مسٹر مودین آپ واقعی ملک کو بہترین ترغیب دیتے ہیں۔ جب تک آپ اس ملک کے وزیراعظم ہیں ہمارا ملک کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔
اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے سینئر لیڈر راج ناتھ سنگھ نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کے نام تجویز کیے۔ انہوں نے کہا ”آج ہم یہاں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر، این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور لوک سبھا کے لیڈر کا انتخاب کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ میرے خیال میں ان تمام عہدوں کے لیے مسٹر نریندر مودی کا نام سب سے زیادہ اہل اور موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1962 کے بعد پہلی بار کوئی لیڈر مسلسل تیسری بار ہندوستان کا وزیر اعظم بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ”این ڈی اے کا کنبہ بھی مسٹر مودی کے خیالات کی وجہ سے پروان چڑھا ہے۔ یہ اتحاد مجبوری نہیں بلکہ عزم ہے۔ ‘‘
مسٹر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی موثر حکمرانی کی وجہ سے این ڈی اے حکومت کو پوری دنیا سے پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا ‘‘کابینہ میں ان کے ساتھی کے طور پر نہ صرف میں نے بلکہ تمام ہم وطنوں نے مسٹر مودی جی کی کارکردگی، ان کی فعالیت ، دور اندیشی اور صداقت کو دیکھا ہے۔ یہ ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے کہ انہوں نے حالیہ دنوں میں ملک کی شاندار خدمت کی ہے۔ این ڈی اے حکومت کے 10 سال کو نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔
اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر امت شاہ نے کہا ”یہ تجویز صرف یہاں بیٹھے لوگوں کی خواہش نہیں ہے۔ یہ ملک کے 140 کروڑ عوام کی تجویز ہے۔ یہ ملک کی آواز ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اگلے پانچ سال تک ملک کی قیادت کریں۔ ‘‘بی جے پی کے سینئر لیڈر نتن گڈکری نے کہا ”ہمیں گزشتہ 10 برسوں میں ان کی (مسٹر مودی) قیادت میں کام کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے کہ ہمارا ملک خوش، خوشحال، دنیا کی سپر پاور بنے اور معاشرے کے تمام پہلوؤں میں ترقی کرے۔ انہوں نے مزید ترقی کے لیے لگن کے ساتھ کام کیا ہے۔ میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی تجویز کی تائید کرتا ہوں۔ ‘‘

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا