طیارہ اسلام آباد اور لاہور کے ایئر کنٹرول ایریاز سے گزرنے سے پہلے چترال سے گزرا
یواین آئی
لاہور؍؍وزیر اعظم نریندر مودی کا طیارہ پولینڈ سے ہندوستان واپس آتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرا۔یہ اطلاع ایک میڈیا رپورٹ میں دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر مودی کا طیارہ صبح 10 بج کر 15 منٹ پر پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا اور تقریباً 46 منٹ تک وہاں رہا۔ طیارہ اسلام آباد اور لاہور کے ایئر کنٹرول ایریاز سے گزرنے سے پہلے چترال سے گزرا اور آخر کار امرتسر کے راستے صبح 11:01پر ہندوستان میں داخل ہوا۔
دی نیوز سے بات کرتے ہوئے سی اے اے کے ایک اہلکار نے واضح کیا کہ پرواز کو بین الاقوامی سول ایوی ایشن کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) کے تحت اجازت دی گئی تھی۔ اہلکار نے کہاکہ’’بین الاقوامی قانون کے مطابق، ایسے حالات میں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کی ضرورت نہیں ہے۔ متعلقہ ملک کے سی اے اے کو صرف پیشگی مطلع کرنے کی ضرورت ہے۔
اخبارات نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم بننے کے بعد مسٹر مودی چار بار پاکستان کی فضائی حدود عبور کر چکے ہیں۔ گزشتہ 21 اگست کو اپنے خصوصی انڈیا ون طیارے میں دہلی سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا جاتے ہوئے مسٹر مودی صبح 10 بجے قصور کے قریب 36,000 فٹ کی بلندی سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ ان کا طیارہ 48 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں رہا۔ وہ چترال سے افغان فضائی حدود میں داخل ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 8 جولائی کو دہلی سے ماسکو جاتے ہوئے وزیراعظم مودی کا طیارہ انڈیا ون صبح 11 بج کر 26 منٹ پر چترال کے قریب پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ یہ رات 12 بج کر 10 منٹ پر افغان فضائی حدود میں داخل ہوا۔ اسی طیارے نے ماسکو سے ویانا کے لیے اڑان بھری اور پھر 10 جولائی کی شام 4 بج کر 43 منٹ پر ایران کے راستے زاہدان کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ وزیر اعظم مودی کا طیارہ رحیم یار خان کے اوپر سے اڑا اور صبح 5:54 پر ہندوستان میں داخل ہوا۔