کولکاتہ، //وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو یہاں ہوگلی ندی کے نیچے کولکاتہ میٹرو پولیٹن کو ہاوڑہ سے جوڑنے والے ملک کے پہلے انڈر واٹر میٹرو ریل پروجیکٹ کی نقاب کشائی کی اور تقریباً 15400 کروڑ روپے کی لاگت والے مختلف میٹرو پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔
مسٹر مودی نے افتتاحی تقریب کے بعد اسکولی بچوں کے ساتھ ایسپلینیڈ سے ہاوڑہ میدان تک میٹرو کی سواری کی۔ اس دوران انہوں نے طلباء سے بات چیت بھی کی۔ اس پروگرام میں مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس، ریاستی بی جے پی صدر سوکانت مجمدار اور اپوزیشن لیڈر شویندو ادھیکاری بھی موجود تھے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بھی کولکاتہ میٹرو ریلوے نے مدعو کیا تھا، لیکن وہ کچھ اور طے شدہ پروگرام کی وجہ سے یہاں نہیں پہنچ سکیں۔
وزیر اعظم نے ایسٹ ویسٹ کوریڈور کو وسعت دیتے ہوئے ایسپلینیڈ سے دیگر ٹرین خدمات کو بھی جھنڈی دکھائی، جو شہر اور اس کے مضافات کو کراس کرے گی، جس سے 300 سال سے زیادہ پرانے اورکبھی برٹش انڈیا کے دارالحکومت رہے کلکتہ ’اب کولکاتہ‘ میٹروپولیٹن کا سفرآسان ہوجائے گا۔ اس وقت چلنے والی میٹرو ریل لاکھوں مسافروں کو نیو گریا اسٹیشن کے شمال مشرق سے شمال میں دکشنیشور تک لے جاتی ہے۔ مشرقی-مغربی راہداری میں شاعر سبھاش-ہیمنت مکھوپادھیائے اور تاراتلا-ماجرہاٹ میٹرو سیکشن شامل ہیں۔
انہوں نے روبی ہال کلینک سے رام واڑی تک پونے میٹرو کی تعمیر، ایس این جنکشن میٹرو اسٹیشن سے تریپونیتھورا میٹرو اسٹیشن تک کوچی میٹرو ایکسٹینشن پروجیکٹ (فیز 4)، تاج ایسٹ گیٹ سے منکامیشور تک آگرہ میٹرو کی توسیع اور دہلی-میرٹھ آرآرٹی ایس کوریڈور کے دوہائی- مودی نگر (شمالی) سیکشن کا بھی ورچوئلی افتتاح کیا۔
کولکاتہ میٹرو کا ایسٹ ویسٹ کوریڈور ندی کے نیچے ملک کے جدید میٹرو ریل سسٹم کا اہم حصہ ہے۔ ایسٹ ویسٹ میٹرو کا 4.8 کلومیٹر طویل حصہ 4965 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے اور یہ ہاوڑہ میں سطح زمین سے 30 میٹر نیچے ملک کا سب سے گہرا میٹرو اسٹیشن ہوگا۔ یہ کوریڈور سالٹ لیک سیکٹر 5 میں آئی ٹی ہب جیسے اہم علاقوں کو جوڑنے میں مدد کرے گا۔
کولکاتہ میٹرو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس روٹ پر کمرشل آپریشنز کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔