لازوال ڈیسک
نئی دہلی/ماسکو؍؍وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ماہ کے شروع میں روس کا دورہ کرنے والے ہیں۔روسی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مسٹر مودی ممکنہ طور پر جولائی کے شروع میں ماسکو جائیں گے جہاں وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کریں گے۔ یہ اطلاع کریملن کے ایک اہلکار کے حوالے سے منگل کو میڈیا رپورٹس میں دی گئی۔
روسی صدر پیوٹن کے خارجہ پالیسی کے معاون یوری اوشاکوف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ابھی تک درست تاریخیں منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔ دونوں فریق مشترکہ طور پر ان کا اعلان کریں گے۔روسی خبر رساں ایجنسی اتارتاس نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ دو روزہ دورہ ہوگا۔ مسٹر مودی کا ماسکو دورہ اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ یہ ایک سولو سرکاری دورہ ہے۔ دونوں رہنما اس سال کے آخر میں روس کے شہر کازان میں منعقد ہونے والے برکس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
مسٹر پوتن نے اس ماہ کے شروع میں مسٹر مودی کو فون کیا تھا اور انہیں ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔ مسٹر مودی نے اس سال کے شروع میں مسٹر پوٹن کو صدر کے طور پر پانچویں بار جیتنے کے بعد مبارکباد بھی دی تھی۔اس ماہ کے شروع میں ہندوستان نے سوئٹزرلینڈ میں یوکرین سربراہی اجلاس میں ولادیمیر زیلنسکی کے ‘امن فارمولے’ کے حوالے سے جاری کردہ دستاویز سے خود کو الگ کر لیا تھا، جسے روس نے مسترد کر دیا تھا۔ ہندوستان نے زور دے کر کہا کہ ‘دونوں فریقوں’ کے لیے قابل قبول حل ہی یوکرین میں دیرپا امن حاصل کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب روس نے ہندوستان کے ساتھ لاجسٹک پارٹنرشپ معاہدے کو منظوری دی ہے۔ دونوں فریق پچھلے کچھ سالوں سے مشترکہ فوجی تعیناتی پر بات چیت کر رہے ہیں، جو کہ بنیادی طور پر ایک باہمی لاجسٹک ایکسچینج (ا?ر ای ایل او ایس) معاہدہ ہے۔ یہ معاہدہ روس اور ہندوستان کے فوجی فارمیشنز، جنگی جہازوں اور فوجی طیاروں کی باہمی روانگی کے طریقہ کار پر ہے۔