نیشنل کانفرنس نے شیرکشمیر شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کی جانب سے بابائے قوم شیخ محمد عبداللہ کو ان کے112یوم پیدائش کے موقع پرشیر کشمیر بھون جموں میں ایک تقریب کے دوران زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نفرت بھری سیاست اور مذہبی منافرت کے خلاف کھڑا ہونے کا عزم لیا ۔اس موقع پر صوبائی صدر نیشنل کانفرنس و ایم ایل اے نگروٹہ دویندر سنگھ رانا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کو منقسم کرنے والی طاقتوں کے خلاف یکجہ ہونا ہی سب سے بڑا خراج عقیدت ہے کیونکہ بابائے قوم نے اپنی زندگی ریاست کے تینوں خطوں کی عوام کی یکجہتی میں گزار دی ۔رانا نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس سماج سے نفرت دور کرنے میں قد آور ہوکر ریاست میں امن و سکون کی فضاء قائم کرنے میں اہم رول ادا کرے گی۔اس موقع پر سابق وزیر و سینئر لیڈر اجے کمار سدھوترہ نے شیخ عبداللہ کے دور اقتدار کی خصولیابیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ریاست کے تینوں خطوں میں ترقی کی فضاء قائم کی تھی اور مرحوم علاقائی خود مختاری کے سب سے بڑے حامی تھے۔ان کے ساتھ ریاستی سینئر نائب صدر و سابق وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہا کہ شیخ عبداللہ نے اپنی ساری زندگی سماج کے مختلف طبقات کے مابین مذہبی یکجہتی پیدہ کرنے میں گزار دی اور مرحوم ریاست کی عوام کو سیاسی آزادی اور سماجی معاشی ترقی کی کی جانب لیکر گامزن تھے۔ٹھاکر کشمیرا سنگھ نے شیخ عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے پاس مقاصد تھے اور انہوں نے ریاست میں ترقی کی بنیاد ڈالی ۔ان کے ساتھ ساتھ رتن لال گپتا سینئر نائب صدر نے کہا کہ ریاست میں لینڈ ریفارم ایکٹ کا قیام عمل میں لا کر شیر کشمیر نے ایک تاریخ رقم کی اور کسانوں کو با اختیار بنایا ۔جبکہ سابق وزیر و سینئر نائب صدر سید مشتاق احمد بخاری نے شیر کشمیر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن کی وجہ سے ریاست کے تینوں خطوں میں امن سکون کی فضاء قائم ہو سکی اورسابق وزیر و چیئرمین ایس سی، او بی سی سیل بابو رامپال نے کہا کہ مرحوم شیخ عبداللہ نے ریاست میں بھائی چارے کا قیام کیا اور آنے والی نسلیں مرحوم کی زندگی سے ایک سبق سیکھیں گی ۔اسی سلسلہ میںسابق رکن پارلیمان شیخ عبدالرحمن ویری نے شیخ عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سماج پر یقین رکھتے تھے جہاں ہر طبقہ اور ہر مذہب کے لوگ آباد ہیں اور یکساں ترقی کر رہے ہیں جبکہ ایم ایل اے مینڈھر جاوید رانا نے بد امنی اور بے یقینی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ منقسم طاقتوں نے اسے پیدہ کیا ہے موصوف نے کہا کہ بالآخر اس عوام کو یکجہ کر لیا جائے گا جس کو مذہب کے نام پر منقسم کر لیا گیا ہے۔ایم ایل اے ڈاکٹر کمل اروڑا نے کہا کہ شیخ صاحب کی خصولیابیوں کو تا دیر یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلیں اس سے سبق حاصل کریں گی ان کے ہمراہ سابق ایم ایل سی برج موہن نے کہا کہ ایک سخت وقت میں شیخ صاحب نے آپسی بھائی چارے کو قائم کیا تھا ۔اس موقع پر محمد شفیع اوڑی ایم ایل اے،شیخ بشیر احمد،ایم وائی ٹینگ،ٹھاکر رچھپال سنگھ،قاضی جلالالدین،جگجیون لالا،اعجاز جان،بملہ لتھرا،ستونت کور ڈوگرہ،دپندر کور،وجے لکشمی دتا،ماسٹر نور حسین،چوہدری ولی داد،دھرم ویر سنگھ جموال،بھوشن لال بھٹ،بشیر احمد وانی،جگل مہاجن،گردیپ سنگھ ساسن،چوہدری ہارون،جی ایچ ملکو دیگران شامل تھے۔