کہااپنی پارٹی بجلی صارفین کی بجلی کی سپلائی لائنیں منقطع کرنے کو برداشت نہیں کرے گی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا سے سرکاری افسران کے خلاف ذاتی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے، اپنی پارٹی کے صوبائی صدر، جموں، اور سابق وزیر، ایس منجیت سنگھ نے آج جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (جے پی ڈی سی ایل) کی جانب سے جموں شہر میں بجلی کے صارفین کے بجلی کنکشن اچانک منقطع کرنے پر تنقید کی۔ منجیت سنگھ نے یہاں اپنی پارٹی کی منعقدہ ایک میٹنگ میں کہاکہ جے پی ڈی سی ایل جموں شہر کے کئی علاقوں میں صارفین کو کوئی وجہ بتائے نوٹس یا پیشگی اطلاع دیے بغیر اپنے صارفین کے بجلی کے کنکشن منقطع کر کے ایک منحوس طریقے سے کام کر رہی ہے۔واضح رہے اجلاس کا انعقاد حلقہ باہو کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے کیا گیا۔اس میٹنگ میں صوبائی جنرل سکریٹری لیگل ونگ کلدیپ سودن، صوبائی نائب صدر خواتین ونگ نیلم گپتا، صوبائی نائب صدر ٹرانسپورٹ یونین دیویندر گل، صوبائی نائب صدر یوتھ ونگ جوگندر سنگھ، صوبائی سیکرٹری خواتین ونگ سیتھل شرما، دیگر نے شرکت کی۔وہیںمیٹنگ میں جموں شہر میں بجلی کے ابھرتے ہوئے بحران کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس کی وجہ سے رہائشی کالونیوں کو طویل گھنٹوں تک بجلی کی بندش پر مجبور ہونا پڑا۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے جے پی ڈی سی ایل کے اہلکاروں کے خلاف جموں شہر کی رہائشی کالونیوں میں غیر ضروری ہراساں کرنے اور بجلی کی جبری کٹوتی کے خلاف مداخلت کا مطالبہ کیا۔