ڈبلیو ایس ایس کی بروقت تکمیل اور پانی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایات جاری
لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍ ممبر پارلیمنٹ بارہمولہ اِنجینئر عبدالرشید نے آج بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں جل شکتی محکمہ کے تحت کاموں کا جائزہ لینے کے لئے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ممبر ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل مظفر احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ظہور احمد رینہ، چیف انجینئر پی ایچ ای جل شکتی کشمیرسنجیو ملہوترا، چیف پلاننگ آفیسر بارہمولہ،کپواڑہ، بارہمولہ اور بڈگام کے تمام پی ایچ ای ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔میٹنگ کے شروعات میں چیف انجینئر نے بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں جل جیون مشن کے تحت سکیموں کی ایک جامع اپ ڈیٹ فراہم کی اور چیئر کو جانکاری دی کہ 85 فیصد سے زیادہ گھروں کو ’’ہر گھر نل سے جل‘‘ کے تحت پینے کے قابل نل کے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔
https://ceojk.nic.in/GEAFF2014/PC1AFF/S09_001_13_abdulrashidsheikh.pdf
میٹنگ کو یہ بھی جانکاری دی گئی کہ بقیہ 15 فیصد سکیموں پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جس کا مقصد ہر گھر کو گھر پر پانی کا کنکشن فراہم کرنا ہے ۔ممبر پارلیمنٹ نے محکمہ جل شکتی کے تحت جاری سکیموں کا ڈویژن وار جائزہ لیا اور ان منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ان سکیموں کے مطلوبہ فوائد عام لوگوں تک پہنچیں۔میٹنگ میں واٹر سپلائی سکیموں (ڈبلیو ایس ایس) منصوبوں کی تکمیل میں پیش آنے والے مختلف اَمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ زیر اِلتوأ کاموں کی تکمیل میں تیزی لانے کے لئے اہم پیش رفت کی جارہی ہے جس کا مقصد وسیع تر معاشرے میں پینے کا صاف پانی لانا ہے۔اِس موقعہ پرممبر پارلیمنٹ عبدالرشید نے محکمہ جل شکتی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگلات، ریونیو اور دیگر محکموں کے ساتھ مؤثر طریقے سے تال میل قائم کریں تاکہ جے جے ایم کے ذریعے صد فیصد ہدف کو حاصل کرنے کے لئے کسی بھی ڈبلیو ایس ایس پر عمل درآمد میں تاخیر کرنے والی کسی بھی موجودہ رکاوٹ کو دور کیا جاسکے۔دریں اثنا ، ممبرپارلیمنٹ نے افسران پر زور دیا کہ وہ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں زیر تعمیر فلٹریشن پلانٹوں کے کام میں تیزی لائیں اور انہیں بغیر کسی تاخیر کے بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔مزید برآں، اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی تکمیل کے بعد سائٹ کا دورہ کریں۔ انہوں نے پانی کی مسلسل فراہمی میں رکاوٹ بننے والے کسی بھی مسئلے کی نشاندہی اور حل کرنے کے لئے سائٹ پر ہونے والے جائزوں کی اہمیت پر زور دیا۔