ملک کے سامنے بی جے پی کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے رمیش بدھوری جی کا شکریہ: مولانا سجاد نعمانی

0
0

پورے ملک کو دکھا دیا ہے کہ ہم کون ہیں، ہماری تعلیم، ہماری تربیت، ہماری زبان اور اقلیتوں کے لیے ہماری سوچ کیا ہے؟
یواین آئی

نئی دہلی؍؍ممتاز عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے کہا کہ میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں بی جے پی کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں جاری بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے پورے ملک کو دکھا دیا ہے کہ ہم کون ہیں، ہماری تعلیم، ہماری تربیت، ہماری زبان اور اقلیتوں کے لیے ہماری سوچ کیا ہے؟ بی جے پی ایم پی رمیش بدھوری کی زبان نے ملک کو دکھایا ہے کہ ہم انسانی حقوق اور پارلیمنٹ کی کتنی پرواہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ جمہوریت کا مرکز کہلانے والی جگہ پر ایسی فحش اور گھٹیا زبان کا استعمال ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں پھر بھی بی جے پی ایم پی رمیش بدھوری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی تعلیم و تربیت کیا ہے؟ آپ کی تقریر سے پورے ملک کو معلوم ہو گیا ہے۔ اب جمہوریت کے مرکز میں ایسی زبان استعمال کر کے آپ نے مسلمانوں کے خلاف ایک طرح سے لائسنس دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اجتماعی طور پر ایوان سے معطلی اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب شخص پر تاحیات سیاسی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ بی ایس پی ایم پی کنور دانش علی کو استعفیٰ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اس دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کریں۔ میں چاہتا ہوں کہ جن لوگوں نے آپ کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر ایوان میں بھیجا تھا وہ اس بار دوگنا ووٹ دے کر ایوان میں بھیجیں۔مولانا سجاد نعمانی نے سخت لہجے میں کہا کہ ایسے مسلمانوں کا ضمیر کہاں ہے جو راشٹریہ مسلم منچ کا ڈھول پیٹتے رہتے ہیں۔ وہ مسلمان جو آر ایس ایس اور بی جے پی کی تعریف کرتے ہیں اور اْن سے جڑنے کی بات کرتے ہیں۔ آپ یہ اعلان کیوں نہیں کرتے کہ "اب ہم مسلمان نہیں رہے”۔ رمیش بدھوری نے جو کچھ کہا ہے وہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی۔مولانا نعمانی نے کہا کہ میں سکھ، عیسائی، بدھ، دلت اور قبائلی برادریوں کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تمام باتوں کو بھول جائیں اور آنے والے ہر الیکشن میں بی جے پی کو سبق سکھانیکا کام کریں۔ جنہوں نے گولوالکر اور ساورکر کو پڑھا ہے وہ حیران نہیں ہوں گے کیونکہ یہ ان کی تعلیمات کا حصہ ہے۔ خواتین نے بی جے پی کو ووٹ دے کر اس مقام تک پہنچانے میں مدد کی لیکن اس بار وہ ووٹ نہیں دیں گی کیونکہ آپ کی ذہنیت کھل کر سب کے سامنے آ گئی ہے۔ ہم ووٹ کے ذریعے بی جے پی کو جواب دیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ انڈیا الائنس کنور دانش علی کی مکمل حمایت کرے گا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا