لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر ہارٹی کلچر پروڈکشن اینڈ مارکیٹنگ کارپوریشن (جے کے ایچ پی ایم سی) کی 66ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ کی صدارت کی۔بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش ڈی ویدیا ،سیکرٹری منصوبہ بندی پیوش سنگلا، سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شبنم کامیلی، ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی امام الدین،ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پروڈکشن اینڈ مارکیٹنگ اور دیگر متعلقہ افسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویدیو کانفرنسنگ شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کارپوریشن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور رواں مالی برس کے دوران کیپیکس بجٹ کے تحت عملائے جانے والے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔بورڈ نے گذشتہ برس کے دوران کارپوریشن کی مالی اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔اُنہوںنے جاری منصوبوں اور اَقدامات کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔بورڈ نے میٹنگ میں دوئے باغ میں فوڈ پروسسنگ اور پیکیجنگ سینٹر، نروال جموں میں فوڈ پروسسنگ اور پیکیجنگ یونٹ، اِنٹگریٹیڈ ہائی ٹیک چھانٹی، دوئے باغ میں گریڈنگ اور پیکیجنگ سینٹر، اچھہ بل میں مچھلی اور سمندری مصنوعات کی پروسسنگ کے لئے کامن انکیوبیشن سینٹر، نروال میں ڈیری اور بیکری مصنوعات کی پروسسنگ کے لئے کامن انکیوبیشن سینٹر اور اِسی طرح کے دیگر منصوبوں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے بات کرتے ہوئے کارپوریشن کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اَپنے کاموں اور اثاثوں کے اِستعمال کو بہتر بنانے کے علاوہ اس کی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے نئے شعبوں کی تلاش کرے۔ اُنہوں نے کارپوریشن میں تکنیکی تنوع لانے کے لئے بھی ان پر زور دیا تاکہ یہ فوڈ سیکٹر کی موجودہ صنعتوں کا مقابلہ کرسکے۔مشیر موصوف نے اِختراعیت کو فروغ دینے، مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور ہائی ٹیک باغبانی کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر خطے میں زرعی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں ایم ڈی، جے کے ایچ پی ایم سی نے کارپوریشن کے مختلف جاری منصوبوں کی پیش رفت اورجے کے ایچ پی ایم سی کے دیگر متعلقہ اَقدامات کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔