ہندوستان میں خشک میوہ جات کی صنعت آمدنی اور روزگار بڑھانے کے لیے ایک بڑی صنعت ہے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج یشو بھومی کنونشن سینٹر، دہلی میں خشک میوہ جات اور گری دار میوے کی نمائش اور تجارتی کانفرنس ’’میوا انڈیا 2024 ‘‘کے افتتاح کے موقع پر اے سی آر اے ڈبلیو کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کی طرف سے پہلی بار منعقد کی جا رہی کانفرنس میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں 20 ممالک اور ہندوستان کی کئی ریاستوں سے تقریباً 3000 شرکاء بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں جو اس صنعت کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے دوران تبادلہ خیال اور اطلاعات کا تبادلہ ہندوستان کے خشک میوہ جات کے شعبے کو آگے لے جانے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔
مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستان میں خشک میوہ جات کی صنعت آمدنی اور روزگار بڑھانے کے لیے ایک بڑی صنعت ہے۔ ان مصنوعات کی پروسیسنگ اور پیکنگ میں ہزاروں لوگ شامل ہیں، جس سے ملک میں تجارت اور صنعت کا معیار بلند ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی انتھک کوششوں اور تکنیکی اختراعات سے ہندوستان اس صنعت میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔مسالوں کے پروڈیوسر کے طور پر ہندوستان کی بھرپور تاریخ کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے عالمی مارکیٹ میں ملک کی غالب پوزیشن کا ذکر کیا۔ ہندوستان کی آب و ہوا اور جغرافیائی تنوع کا حوالہ دیتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کونسل سے کہا کہ وہ ہندوستان کو خشک میوہ جات کا ایک اہم مرکز بنانے کی کوششیں کرے جس سے ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے اس کام کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
مستحکم جمہوری نظام کو معاشی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے مسٹر برلا نے ہندوستان میں تیزی سے ہونے والی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کی ترجیحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے 25 برسوں میں ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ، قابل اور خوشحال ملک بنانا ہے۔مسٹر برلا نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ گزشتہ برسوں کی کامیابیوں نے عالمی سطح پر ایک اہم اقتصادی طاقت کے طور پر ہندوستان کی پوزیشن مضبوط کی ہے۔