طلباء کے تیار کردہ مختلف قسم کے سائنس ماڈلز کو دیکھا،نوجوان صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر دیا زور
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سی ایس آئی آر-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹیو میڈیسن کے زیر اہتمام چلڈرن سائنس فیسٹیول کا افتتاح کیا۔انہوں نے اس موقع پر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس موقع پر لگائی گئی نمائش میں سٹالز کا بھی چکر لگایا اور طلباء کے تیار کردہ مختلف قسم کے سائنس ماڈلز کو دیکھا۔ اس موقع پرجموں خطہ کے اسکولوں کے طلباء نے صحت اور تندرستی، پانی کے تحفظ، فضلہ کے انتظام اور زمین کو بچاؤ جیسے موضوعات کے تحت نعرے بھی لکھے۔وہیںاسکول کے طلباء سے بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ کس طرح جگیاسا پروگرام وزیر اعظم نریندر مودی کے نئے ہندوستان اور سائنسی کمیونٹی اور اداروں کی سائنسی سماجی ذمہ داری کے وژن سے متاثر ہے۔واضح رہے جگیاسا ایک طالب علم – سائنسدان کنیکٹ پروگرام ہے جسے سائنسی اور صنعتی تحقیق کی کونسل نے کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن کے تعاون سے نافذ کیا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اسکولوں اور کالجوں کے طلباء کے لیے اس طرح کی رسائی کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے سی ایس آئی آر ۔آئی آئی آئی ایم کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں سائنسی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد دیتی ہیں اور نوجوان ذہنوں میں جدت طرازی اور کاروبار کا جذبہ بیدار کرتی ہیں۔ انہوں نے چلڈرن سائنس فیسٹیول کے دوران منعقد کئے گئے مختلف مقابلوں کے جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔واضح رہے آج چلڈرن سائنس فیسٹیول میں جموں خطہ کے مختلف اضلاع سے حکومت جموں و کشمیر کے زیر انتظام تقریباً 55 اسکولوں، کیندریہ ودیالیوں، نوودیا ودیالیوں، آرمی پبلک اسکولوں، بھارتیہ ودیا مندر اسکولوں وغیرہ کے 350 سے زائد طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔قبل ازیں ڈاکٹر زبیر احمد، ڈائرکٹر سی ایس آئی آر ۔آئی آئی آئی ایم جموں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں اس تقریب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چلڈرن سائنس فیسٹیول کا بنیادی مقصد نوجوانوں کے ذہنوں میں سائنسی جذبے کو جگانا ہے۔اس تقریب میں موجود معززین میں ڈاکٹر آشوتوش گپتا، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں، پروفیسر سنجیو جین، سنٹرل یونیورسٹی آف جموں کے وائس چانسلر، اشوک کمار شرما، جے کے اے ایس، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، جموں، ناگیندر گوئل، ڈپٹی کمشنر، کے وی سنگٹھن و دیگران شامل ہوئے ۔