اودھمپور کاوسیع دورہ، روز گار میلہ میں شرکت ،نئے بھرتی ہونے والوں کو تقرری کے آرڈر سونپے
لازوال ڈیسک
ادھم پور؍؍اجے بھٹ، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اور سیاحت نے ادھم پور میں شمالی کمان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکورٹی اور آپریشنل صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر مملکت نے سینئر افسران کے ساتھ بات چیت کی اور دفاع سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرمملکت نے دھروا وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان بہادروں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ وزیرمملکت نے شمالی کمان کے جی او سی-ان-سی لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی کی موجودگی میں ‘شوریہ دیوس (انفنٹری ڈے) موٹر سائیکل ریلی’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔بائیک ریلی 1947-48 کی جنگ میں سری نگر میں تاریخی لینڈنگ کے 75 سال کی یاد میں منعقد کی گئی ہے۔ یہ ریلی 27 اکتوبر 2022 کو نیشنل وار میموریل، نئی دہلی میں اختتام پذیر ہوگی۔ RRM نے NCC گرل کیڈٹس سے بھی بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور لداخ میں ہندوستانی فوج کی کوششوں کو تسلیم کیا، فعال کارروائیوں میں تعینات فوجیوں کے جذبے اور حوصلہ افزائی کی تعریف کی اور قوم کے لیے ان کی غیر مشروط اور بے لوث خدمات کے لیے تمام صفوں کی تعریف کی۔ انہوں نے سرحدوں کو محفوظ رکھتے ہوئے ہمیشہ جنگ میں رہنے اور جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں داخلی سلامتی کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لئے شمالی کمان کی تعریف کی۔وہیںمرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اور سیاحت اجے بھٹ نے آج ضلع اودھمپور کا ایک وسیع دورہ کیا اور شمالی ریلوے اودھمپور میں روز گار میلہ میں شرکت کی ۔ روز گار میلہ میںچیئر پرسن ڈی ڈی سی اودھمپور لال چند ، وائس چیئر پرسن ڈی ڈی سی جوہی منہاس پٹھانیہ ، ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سید خان ، بی ڈی سی چئیر مین بلوان سنگھ ، سابق قانون ساز پون گپتا ، اور ریلوے کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اس سلسلے میں ناردرن ریلوے اودھمپور میں ایک میگا فنکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی وزیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر روز گار میلہ میں نئے بھرتی ہونے والوں کو تقرری نامہ حوالے کئے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے نئے تقرر کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ مرکزی وزیر نے ان سے کہا کہ وہ اپنی ملازمت سے متعلق مختلف سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے مثبت سوچ کے ساتھ کام کریں اور محکمہ کی طرف سے تفویض کئے جانے والے کسی بھی قسم کے کاموں کیلئے ہمیشہ تیار رہیں ۔ مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع فراہم کرنے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی مسلسل عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع فراہم کرنے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعظم ہند کے مسلسل عزم کو پورا کرنے کی طرف یہ ایک اہم قدم ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہند نے وزیر اعظم کی قابل قیادت میں متعدد مرکزی اسپانسر شدہ اسکیمیں /فلیگ شپ پروگرام جیسے ڈیجٹل انڈیا ، سمارٹ سٹی مشن ، اٹل مشن برائے نوجوان اور شہری تبدیلی ، سب کیلئے مکانات ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی پروگرام شروع کئے ۔ روز گار کے مواقع پیدا کرنے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی طرف صنعتی راہداریوں نے بھی نمایاں تعاون کیا ہے ۔ اجے بھٹ نے مزید کہا کہ روز گار پیدا کرنے کے سلسلے میں حکومت کا ایک اور سنگ میل ملک میں 10 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنا ہے اور یہ ہدف مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔