نئی دہلی، 30 جولائی (یو این آئی) مرکزی حکومت نے راجیہ سبھا میں منگل کو کہا کہ ملک کے پاس قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ایک مضبوط نظام ہے اور مرکزی حکومت کیرالہ کو وایناڈ لینڈ سلائیڈ سانحہ میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
ایوان میں وقفہ صفر کے دوران تمام جماعتوں کے اراکین نے وایناڈ کے سانحہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور متاثرین کی فوری امداد کا مطالبہ کیا۔ اراکین کے مطالبے پر ایوان کے لیڈر جے پی نڈا نے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے یقین دلاتے ہیں کہ قدرتی آفات کے معاملے میں کیرالہ کی ہر طرح سے مدد کی جارہی ہے اور مستقبل میں بھی ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط نظام موجود ہے۔ وایناڈ کے سانحہ میں بھی اسے فعال کیا گیا ہے۔ فوج سمیت تمام راحت اور بچاؤ ایجنسیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
قبل ازیں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جان برٹاس نے کہا کہ معاملہ بہت سنگین ہے اور چار گاؤں ملبے تلے دب گئے ہیں۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیرالہ حکومت کو مالی مدد دی جانی چاہیے۔ اسی پارٹی کے سنتوش کمار پی نے کہا کہ اس سانحہ کو قومی آفت قرار دیا جانا چاہیے۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے وی سیواداسن، آئی یو ایم کے عبدالوہاب، کے سی ایم کے جوس کے منی اور کانگریس کے جے پی ماتھر نے کیرالہ کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا۔